پاکستان: عمران خان 22ویں وزیر اعظم منتخب

پی ایم ایل این صدر شہباز شریف کے 96 ووٹوں کے مقابلے پی ٹی آئی صدر عمران خان نے 176 ووٹ حاصل کر پاکستان کے 22ویں وزیر اعظم ہونے کے لیے اپنی راہیں ہموار کر لی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سربراہ عمران خان پاکستان کے 22ویں وزیر اعظم منتخب کر لیے گئے ہیں۔ اسپیکر اسد قیصر نے نومنتخب قومی اسمبلی کے اراکین کے ذریعہ کی گئی ووٹنگ کے بعد نتیجے کا اعلان کیا۔ پاکستانی خبر رساں ایجنسی اے آر وائی کے مطابق عمران خان کو کل 176 ووٹ حاصل ہوئے جب کہ ان کے مخالف پی ایم ایل (این) کے صدر شہباز شریف کو محض 96 ووٹوں پر اکتفا کرنا پڑا۔ اس طرح 80 ووٹوں سے فتحیابی کے ساتھ ہی عمران خان پاکستان کے 22ویں وزیر اعظم بننے کے حقدار قرار دیے گئے۔

پاکستانی وزیر اعظم کے لیے مقابلہ عمران خان اور شہباز شریف کے درمیان تھا کیونکہ پی پی پی نے خود کو اس ووٹنگ سے الگ رکھنے کا فیصلہ کیا تھا۔ عمران خان کی فتح یقینی مانی جا رہی تھی اور اب عمران خان کے لیے راستہ صاف ہو گیا۔

ذرائع کے مطابق شام 5 بجے سے کچھ پہلے نومنتخب قومی اسمبلی کے اراکین کو اسپیکر اسد قیصر نے لابی میں تقسیم ہو جانے کے لیے کہا تھا۔ اسپیکر کے حکم کے مطابق ایسے اراکین قومی اسمبلی ’لابی اے‘ میں چلے گئے جو عمران خان کو ووٹ کرنا چاہتے تھے اور ایسے اراکین قومی اسمبلی ’لابی بی‘ میں چلے گئے جو شہباز شریف کے حق میں ووٹ کرنا چاہتے تھے۔ لابی اے اور بی میں کھڑے اراکین قومی اسمبلی کو دیکھ کر ہی اندازہ ہو رہا تھا کہ عمران خان بہ آسانی فتحیاب ہوں گے۔

تقریباً ساڑھے پانچ بجے ووٹوں کی گنتی ختم ہوئی اور اسپیکر نے عمران خان کی فتح کی خبر سنائی۔ اس ووٹنگ میں ایسے اراکین قومی اسمبلی نے شرکت نہیں کی جو پی پی پی اور جماعت اسلامی سے منسلک تھے۔ ان پارٹیوں نے خود کو ووٹنگ سے الگ رکھنے کا فیصلہ کیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */