عمران خان نے صدر اور چیف جسٹس کے فرسٹ کلاس ہوائی سفر پر لگائی پابندی

کابینہ کی ہوئی دوسری میٹنگ میں کئی اہم فیصلے لیے گئے جس میں یہ فیصلہ بھی لیا گیا کہ وزیر اعظم صرف گھریلو دوروں کے لیے سرکاری طیارہ کا استعمال کریں گے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

پاکستان کے نئے وزیر اعظم عمران خان نے جہاں ایک طرف خود سادگی کے ساتھ حکمرانی کرنے اور فضول خرچی سے بچنے کا عوام سے وعدہ کیا ہے وہیں ان کی قیادت والی نو منتخب حکومت نے صدر، چیف جسٹس، سینیٹ چیئرمین اور نیشنل اسمبلی کے اسپیکر کے فرسٹ کلاس ہوائی سفر پر پابندی عائد کر دی ہے۔ مرکزی کابینہ نے اس سلسلے میں حکم نامہ بھی جاری کر دیا ہے۔ تازہ فیصلہ عمران کابینہ کی دوسری میٹنگ میں لیا گیا۔

عمران خان کی قیادت میں کابینہ کی ہوئی دوسری میٹنگ میں کئی دیگر اہم فیصلے بھی لیے گئے۔ اس میں یہ بھی فیصلہ لیا گیا کہ وزیر اعظم صرف گھریلو دوروں کے لیے سرکاری طیارہ کا استعمال کریں گے۔ پنجاب و خیبر پختونوا میں گزشتہ حکومت میں کیے گئے سبھی بڑے ٹرانسپورٹ پروجیکٹ کے آڈٹ کا بھی فیصلہ اس میٹنگ میں ہوا۔ اس کے علاوہ اتوار کو سرکاری چھٹی رکھنے اور ہفتہ کے روز دوسری چھوٹی کو رَد کرنے کی تجویز کو خارج کر دیا گیا۔ سرکاری دفتروں میں کام کے اوقات میں کوئی تبدیلی نہ کرنے کا بھی فیصلہ اس میٹنگ میں لیا گیا۔ اتنا ضرور کیا گیا ہے کہ اب سرکاری دفاتر 8 سے 4 بجے کی جگہ 9 سے 5 بجے کر دیئے گئے ہیں۔

ایک دیگر انتہائی اہم فیصلہ میں ملک بھر میں موجود غیر مستحکم گھروں کو اَپ گریڈ کرنے کے لیے ٹاسک فورس بنانے اور بڑے شہروں میں شجرکاری کی مہم شروع کرنے کو منظوری دی گئی۔ میٹنگ میں راجدھانی انتظامیہ اور ترقیاتی محکمہ کی وزارت کو ختم کرنے اور اس کے محکموں کو دیگر وزارتوں میں ضم کرنے کا فیصلہ لیا گیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 25 Aug 2018, 1:47 PM