لاہور میں حافظ سعید کے گھر کے باہر ہونے والے دھماکہ کے ’ماسٹرمائنڈ‘ سے متعلق اہم انکشافات

تحقیقاتی ذرائع کے مطابق پیٹر ڈیوڈ پال 25 سال سے بحرین میں مقیم تھا، شناختی کارڈ کے مطابق پیٹر ڈیوڈ پال کی تاریخ پیدائش 1964 ہے۔ مبینہ ملزم کا شناختی کارڈ 22 اپریل 2029 تک کارآمد ہے

تصویر بشکریہ جنگ
تصویر بشکریہ جنگ
user

یو این آئی

لاہور: پاکستان کے شہر لاہور کے جوہر ٹاؤن علاقہ میں واقع حافظ سعید کے گھر کے نزدیک ہونے والے دھماکہ کے مبینہ ماسٹرمائنڈ کے شناختی دستاویزات تحقیقاتی اداروں نے حاصل کر لئے ہیں، دستاوِیزات میں شناختی کارڈ، لائسنس اور تصاویر شامل ہیں۔ ماسٹرمائنڈ پیٹر ڈیوڈ پال کا شناختی کارڈ، لائسنز میں موجود تصویر اور ایمیگریشن کی تصویر اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لی ہیں۔

خیال رہے کہ پاکستان میں پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن میں بدھ کے روز جماعت الدعوۃ کے سربراہ حافظ سعید کے مکان کے نزدیک بم دھماکہ پیش آیا تھا۔ پاکستان کے محکمۂ انسداد دہشتگردی (سی ٹی ڈی) کے مطابق اس میں پولیس اہلکار سمیت 3 افراد ہلاک اور کم از کم 24 افراد زخمی ہوئے تھے۔

تحقیقاتی ذرائع کے مطابق پیٹر ڈیوڈ پال 25 سال سے بحرین میں مقیم تھا، شناختی کارڈ کے مطابق پیٹر ڈیوڈ پال کی تاریخ پیدائش 1964 ہے۔ مبینہ ملزم کا شناختی کارڈ 22 اپریل 2029 تک کارآمد ہے، جب کہ ملزم کا عارضی اور مستقل پتہ محمودآباد کا ہی درج کیا گیا ہے۔


ڈیوڈ نے ڈرائیونگ لائسنس کراچی کلفٹن برانچ سے حاصل کیا تھا۔ پیٹر ڈیوڈ پال چار مرتبہ کلیفٹن ڈرائیونگ لائسنس برانچ گیا۔ پہلی مرتبہ بک لائسنس کو کارڈ لائسنس میں تبدیل کروایا۔ پہلا لائسنسن صرف موٹر سائیکل کا بنوایا گیا تھا اور 1984 میں بنوائے گئے لائسنس کی 17 مئی 2026 تک تجدید کرائی ہے۔

اس سے قبل لاہور دھماکے کے مبینہ ماسٹرمائنڈ پیٹرپال ڈیوڈ کی تصویر اور گھرکی ویڈیو سامنے آئی تھیں، تاہم پیٹرپال ڈیوڈ کے اہلخانہ چھاپے کے بعد نامعلوم مقام پر روپوش ہوگئے تھے۔ پڑوسی نے بیان میں کہا کہ ڈیوڈکی بیوی اور بیٹا آج صبح گھرکو تالہ لگا کر چلے گئے، ڈیوڈ کا ایک بیٹا ڈینزل کچھ عرصے پہلے ڈانس پارٹی میں زخمی بھی ہوا تھا، ڈینزل ڈانس پارٹیوں میں منشیات اور لڑکیاں سپلائی کرتا تھا، ڈینزل ان دنوں بحرین میں ہے جبکہ دوسرا بیٹا کیمنگ کراچی میں ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔