یوپی میں اسکول کھولنے کی تیاری، پہلے داخلہ اور اندراج کا کام شروع ہوگا

اتر پردیش میں یکم جولائی سے اسکول کھل جائیں گے لیکن پہلے مرحلے میں صرف اساتذہ اور ملازمین کو ہی اسکول آنے کی اجازت ہوگی، اسکول میں فی الحال صرف انتظامی کام ہوں گے اور درس و تدریس نہیں ہوگی

علامتی تصویر
علامتی تصویر
user

قومی آوازبیورو

لکھنؤ: اتر پردیش میں طویل انتظار کے بعد اب اسکول دوبارہ کھولنے کے لئے تیار ہیں۔ حکومت کے حکم کے بعد یکم جولائی سے اسکول دوبارہ کھلیں گے اور داخلہ وغیرہ سے متعلق انتظامی کام شروع ہو جائیں گے۔ ریاست میں کورونا انفیکشن کے پیش نظر اسکول اور کالج بند کر دیئے گئے تھے، جو اب وائرس کے معاملات میں کمی کے بعد دوبارہ کھولے جا رہے ہیں۔

یکم جولائی سے اسکول کھل جائیں گے لیکن پہلے مرحلے میں صرف اساتذہ اور ملازمین کو ہی اسکول آنے کی اجازت ہوگی، اسکول میں فی الحال صرف انتظامی کام ہوں گے اور درس و تدریس نہیں ہوگی۔ جب حالات زیادہ سازگار ہوں گے تو دوسرے مرحلے میں بچوں کو بھی اسکول آنے کی اجازت دی جائے گی۔ بچوں کی تعلیم صرف آن لائن طریقہ سے جاری رہے گی۔ آف لائن کلاسوں کے تعلق سے محکمہ تعلیم کی جانب سے جلد فیصلہ لیا جا سکتا ہے۔


انتظامی کاموں کے لئے اسکولوں کو کھولنے کا فیصلہ اس لئے لیا گیا ہے تاکہ بغیر امتحان کے ترقی پانے والے طلبہ کے رجسٹریشن اور داخلہ کا کام مقررہ وقت پر مکمل کیا جا سکے۔ اس دوران اساتذہ کو بچوں کو مفت کتابیں تقسیم کرنے کا کام بھی سونپا جائے گا۔ اسکول انتظامیہ کی ذمہ داری ہوگی کہ بچوں کا اندراج وقت پر مکمل کیا جائے۔

اس دوران تمام اساتذہ اور عملے کو کورونا سے حفاظت کے سخت اصولوں پر عمل کرنا لازمی ہوگا۔ پورے وقت ماسک پہننا ضروری ہوگا اور کسی بھی طرح کے اجتماع کی اجازت نہیں ہوگی۔ اساتذہ کورونا کے تمام اصولوں پر عمل کریں گے، وہیں ملازمین بھی تھرمل اسکیننگ اور سینیٹائزیشن وغیرہ کا مکمل خیال رکھیں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔