پاکستان کے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی گرفتار

سابق وزیر اعظم پر الزام ہے کہ انہوں نے 220 ارب روپے کا ایک ٹینڈر اس کمپنی کو الاٹ کیا تھا جس کے وہ خود شیئر ہولڈر تھے۔ ان کا نام بھی پاکستان نہیں چھوڑنے والوں کی فہرست میں شامل ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

لاہور: پاکستان کے سابق وزیر اعظم اور پاکستان مسلم لیگ نواز (پی ایم ایل این) کے لیڈر شاہد خاقان عباسی کو قومی احتساب بیورو (نیب) نے جمعرات کو گرفتار کر لیا۔ نیب راولپنڈی اور لاہور کی مشترکہ ٹیم نے سابق شاہد خاقان عباسی کو ٹھوکر نیاز بیگ کے قریب ٹول پلازہ پر روک کر گرفتار کیا۔

سابق وزیر اعظم کو نیب نے ایل این جی کیس میں گرفتار کیا ہے۔ وہ پارٹی صدر شہباز شریف کی پریس کانفرنس میں حصہ لینے لاہور جا رہے تھے، جب انہیں ٹول پلازہ پر گرفتار کیا گیا۔ پاکستانی میڈیا کے مطابق پارٹی کے لیڈر احسن اقبال نے سابق وزیر اعظم کی گرفتاری کی تصدیق کی ہے۔ نیب نے سابق وزیر اعظم کو جمعرات کو ایل این جی کیس میں سمن کیا تھا۔


پاکستانی میڈیا نے بتایا کہ شاہد خاقان عباسی کو وارنٹ گرفتاری دکھایا گیا اس کے بعد حراست میں لیا گیا۔ چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے شاہد خاقان کے وارنٹ گرفتاری جاری کر رکھے تھے۔ نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ طلبی پر شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ وہ لاہور میں ہیں نہیں آسکتے، ان کی لوکیشن ٹریس کرنے کے بعد انہیں حراست میں لیا گیا۔

سابق وزیر اعظم پر الزام ہے کہ انہوں نے 220 ارب روپے کا ایک ٹینڈر اس کمپنی کو الاٹ کیا تھا جس کے وہ خود شیئر ہولڈر تھے۔ ان کا نام بھی پاکستان نہیں چھوڑنے والوں کی فہرست میں شامل ہے۔


خاقان عباسی کو نیب کی جانب سے ایل این جی کیس میں آج طلب کیا گیا تھا تاہم وہ پیش نہیں ہوئے۔ نیب کی جانب سے انہیں 4 مرتبہ طلب کیا گیا مگر وہ ایک بار بھی پیش نہ ہوئے، وہ نیب کے سوال نامے میں صرف چند سوالوں کا جواب دے سکے تھے۔

(یو این آئی ان پٹ کے ساتھ)

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔