پاکستان کے سابق وزیر اعظم شاہد عباسی پر ہندوستانی کمپنی سے 14 کروڑ روپے بطور رشوت وصول کرنے کا الزام!

پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان کے چیف آف اسٹاف شہباز گل نے پاکستان کے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی پر شریف کی کابینہ میں وزیر پٹرولیم رہے ہوئے ہندوستانی کمپنی سے رشوت وصول کرنے کا الزام عائد کیا ہے

 شاہد خاقان عباسی
شاہد خاقان عباسی
user

قومی آوازبیورو

اسلام آباد: پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کے چیف آف اسٹاف شہباز گل نے پاکستان کے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی پر الزام عائد کیا ہے کہ انہوں نے ایک ہندوستانی کمپنی سے اس وقت رشوت وصول کی تھی جب وہ مسلم لیگ (ن) کے سپریمو نواز شریف کی کابینہ میں وزیر پیٹرولیم تھے۔

دی نیوز کے مطابق گل نے الزام لگایا کہ عباسی نے کنسلٹنسی فیس کے طور پر ہندوستانی فرم سے 14 ملین پاکستانی روپے رشوت وصول کی اور یہ رقم یکم دسمبر 2016 اور 2 جنوری 2017 کو تین ٹرانزیکشنز میں ان کے بینک اکاؤنٹ میں منتقل کی گئی۔

گل نے کہا کہ ان کے اور عباسی کے ایک ہی بینک میں اکاؤنٹس ہیں اور ان کا مطالبہ ہے دونوں اکاؤنٹس کی تفصیلات عوام کے سامنے رکھی جائیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ شاہد عباسی نے بطور وزیر اعظم ایک ایماندار شخص ہونے کا تاثر دینے کی کوشش کی لیکن یہ حقیقت سے بعید ہے۔


ادھر، گل کے الزامات کا جواب دیتے ہوئے عباسی نے پی ٹی آئی رہنما کو چیلنج کیا ہے کہ اگر ان کے پاس ثبوت ہیں تو معاملہ عدالت میں لے جائیں۔ اسلام آباد سے ایک بیان میں سابق وزیر اعظم نے کہا کہ پی ٹی آئی اور اس کی 'کچرا بریگیڈ' نے ملک پر چار سال حکومت کی ہے اور ان کے خلاف دو مقدمات قائم کیے ہیں۔

عباسی نے اپنے سیاسی حریف پر زور دیا کہ وہ ان کے خلاف ایک اور مقدمہ دائر کریں اور ’نام نہاد ثبوت‘ پیش کرنے کے لیے عدالت میں عرضی دائر کریں۔

اپنی پریس کانفرنس کے دوران گل نے صحافیوں سے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان کو پنجاب میں سیلاب زدگان کی مدد کے لیے امدادی کوششوں اور سماجی تحفظ اور غربت کے خاتمے کے پروگرام پر ہونے والی پیش رفت کے بارے میں بتایا گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے صدر پنجاب کے چھ ڈویژنوں کے پارٹی کے ارکان پارلیمنٹ سے الگ الگ ملاقات کریں گے تاکہ پارٹی امور اور آئندہ عام انتخابات کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا جا سکے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔