شدید بارشوں کے سبب پاکستان بھر میں 90 افراد ہلاک، کراچی کی سڑکوں پر سیلاب

محکمہ موسمیات کے مطابق سب سے زیادہ بارش گلشنِ حدید علاقہ میں ہوئی جہاں 72 ملی میٹر بارش درج کی گئی، اس کے بعد نظام آباد میں 51.6 ملی میٹر اور شمالی کراچی میں 37 ملی میٹر بارش درج کی گئی

لاہور میں بارش کے دوران سڑکوں پر آئے سیلاب کا منظر / تصویر یو این آئی
لاہور میں بارش کے دوران سڑکوں پر آئے سیلاب کا منظر / تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

کراچی: پاکستان کے صوبہ سندھ کی راجدھانی کراچی میں مسلسل دوسرے منگل کو بھی جاری شدید بارش کی وجہ سے سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا اور تمام معمولات زندگی درہم برہم ہوگئے۔ بارش کے سبب ہونے والے حادثوں میں تین بچوں کی موت ہو گئی اور تودے گرنے کے واقعات بھی ہوئے۔

ادھر، انڈپنڈنٹ اردو کی رپورٹ کے مطابق پاکستان بھر میں میں مانسون کی بارشوں کی وجہ سے تین دنوں کے اندر 90 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ منگل کو نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق گذشتہ تین روز میں ملک بھر میں شدید بارشوں میں ایک ہزار سے زائد گھر بھی بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ جبکہ ساحلی شہر کراچی میں بھی شدید بارشوں کے سلسلے کے بعد معمولات زندگی بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔

شدید بارشوں کے باعث ہونے والی ہلاکتوں میں سے 31 سندھ میں جبکہ 23 خیبر پختونخوا میں ریکارڈ کی گئی ہیں۔ صوبہ بلوچستان میں ہلاکتوں کی تعداد 15 جبکہ پنجاب میں آٹھ رہی۔ شمالی علاقوں میں 13 افراد جبکہ پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں تین افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی ہے۔ رواں ہفتے کراچی میں مزید بارشوں کا امکان ہے۔

شہر کے کئی علاقوں میں نالوں کا پانی گھروں اور گلیوں میں داخل ہو گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں سب سے زیادہ بارش گلشن حدید علاقہ میں ہوئی جہاں 72 ملی میٹر بارش درج کی گئی۔ اس کے بعد نظام آباد میں 51.6 ملی میٹر اور شمالی کراچی میں 37 ملی میٹر بارش درج کی گئی۔


روزنامہ ’ڈان‘ کے مطابق سرجانی اور اورنگی شہروں میں گھروں میں پانی گھس جانے کی وجہ سے لوگ اپنے گھروں کو خالی کرکے محفو ظ مقامات پر جارہے ہیں۔ سیلاب کے پانی کی وجہ سے کورانگی پل کو بند کردیا گیا ہے۔لاندھی اور فیڈرل بی ایریا کے ساتھ ساتھ آس پاس کے دیگر علاقوں میں سڑکیں مکمل طورپر پانی میں ڈوبی ہوئی ہیں۔

اس دوران سیلاب کے سبب ہونے والے حادثات میں تین بچوں کی موت ہوگئی اور ایک خاتون زخمی ہوگئی۔ کچھ علاقوں میں سلامتی اساب سے بجلی کی سپلائی بند کردی گئی ہے۔ شدید بارش کی وجہ سے گلستان جوہر علاقہ میں تودے گرنے کا واقعہ ہوا جس کی وجہ سے کئی چار پیہہ اور دوپہیہ گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔

محکمہ موسمیات نے بارش کے بدھ کی دوپہر تک جاری رہنے اور شہری علاقوں میں سیلاب کا پانی بھر جانے کی و ارننگ دی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


    Published: 26 Aug 2020, 8:40 AM