پاکستانی وزیر خزانہ اسد عمر کا کابینہ چھوڑنے کا اعلان

اسد عمر کی جانب سے یہ فیصلہ ایک ایسے موقع پر کیا گیا ہے جب گزشتہ ہفتے ہی وہ انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ سے بیل آؤٹ پیکج کے لیے واشنگٹن گئے تھے، ان کی وہاں عالمی بینک کے حکام سے بھی ملاقاتیں ہوئی تھیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

اسلام آباد: پاکستان میں جمعرات کو بڑے سیاسی واقعہ میں وزیر خزانہ اسد عمر نے وزارت بدلے جانے کی پیش کش پر کابینہ چھوڑنے کا اعلان کر دیا۔ عمر نے ٹوئٹ کر کے خود اس کی اطلاع دی۔ گزشتہ کئی دنوں سے ایسی قیاس آرائیاں لگائی جارہی تھیں کہ عمران خان کابینہ میں رد و بدل کرنے والے ہیں۔

عمر نے ٹوئٹ کرکے کہا، ’’وزیراعظم نے کابینہ میں مجھے وزارت خزانہ کی جگہ وزارت توانائی کا کام کاج دینے کی خواہش ظاہر کی تھی۔ کابینہ میں کسی بھی عہدے پر نہ رہنے کے لئے میں نے ان کی اجازت لے لی ہے۔ میں پوری ایمانداری سے عمران خان حکومت کو پاکستان کی بہتر امید مانتا ہوں اور انشاء اللہ نیا پاکستان بنے گا۔‘‘

پاکستان پیپلس پارٹی (پی پی پی) کے صدر بلاول بھٹو زرداری نے عمر کے کابینہ چھوڑنے کےاعلان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا، ’’ملک کو مبارکباد، پی ٹی آئی کا پہلا وکٹ گرا۔‘‘

کابینہ چھوڑنے کے اعلان کے بعد اسد نے پریس کانفرنس میں کہا ’’وزیر اعظم نے مجھے توانائی کی وزارت کی پیش کش کی ہے، تاہم کابینہ سے الگ ہونے کا مقصد یہ بالکل نہیں کہ میں عمران خان کے ساتھ نہیں، میں ان کے نیا پاکستان کے ورژن کو سپورٹ کرنے میں ہمیشہ ساتھ ہوں۔‘‘

انہوں نے کہا، ’’جیسا کہ میں نے ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ وزیراعظم کابینہ میں ردوبدل کر رہے ہیں اور مجھے وزارت توانائی کی پیش کش کی گئی۔ ان کے ساتھ ہوئی ملاقات میں میں نے انہیں کابینہ سے ہٹنے کےلئے منالیا۔‘‘

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ اسد عمر کی جانب سے یہ فیصلہ ایک ایسے موقع پر کیا گیا ہے جب گزشتہ ہفتے ہی وہ انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) سے بیل آؤٹ پیکج پر گفتگو کے لیے واشنگٹن گئے تھے اور ان کی وہاں عالمی بینک کے حکام سے بھی ملاقاتیں ہوئی تھیں۔

تاہم اسی دورے کے دوران ان کو عہدے سے ہٹائے جانے اور کابینہ میں اہم تبدیلیوں کے حوالے سے قیاس آرائیاں شروع ہو گئی تھیں جسے حکومت نے مسترد کردیا تھا۔ پاکستان مسلم لیگ نواز کی ترجمان مریم اورنگ زیب نے عمر کے استعفی پر کہا کہ بنیادی مسئلہ وزیراعظم ہیں اسد نہیں۔

اورنگ زیب نے کہا کہ اگر عمر کی پالیسیاں اتنی بہتر تھیں اور مسئلہ سابقہ نواز شریف حکومت کا تھا تو وزیرخزانہ کو استعفی دینے کےلئے کیوں کہا گیا۔ انہوں نے کہا،’’عمران خان نے یہ اعتراف کیا ہے کہ ان کی پالیسیوں سے پاکستان میں معاشی بحران پیدا ہوگیا ہے۔ بنیادی مسئلہ اسد نہیں، وزیراعظم ہیں۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔