پاکستان: شدید مالیاتی مسائل نگران حکومت کے لیے باعث تشویش

پاکستان میں اگلے ماہ ہونے والے عام انتخابات سے قبل ملک کو درپیش شدید نوعیت کے اقتصادی مسائل اور بےتحاشا تجارتی خسارے کے باعث نگران حکومت میں ریاست کے مالیاتی استحکام سے متعلق گہری تشویش پائی جاتی ہے۔

پاکستان میں شدید مالیاتی مسائل نگران حکومت کے لیے باعث تشویش
پاکستان میں شدید مالیاتی مسائل نگران حکومت کے لیے باعث تشویش
user

ڈی. ڈبلیو

پاکستانی دارالحکومت اسلام آباد سے منگل 12 جون کو ملنے والی نیوز ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹوں کے مطابق اس جنوبی ایشیائی ملک میں اگرچہ اس وقت آئندہ قومی انتخابات کی تیاریاں زوروں پر ہیں، لیکن ایک طرف ماہرین اور نگران حکومت کے علاوہ شاید ہی کسی کا دھیان گیا ہو۔ یہ پہلو پاکستان کو درپیش شدید نوعیت کے اقتصادی اور مالیاتی مسائل سے متعلق ہے، جو آئندہ ہفتوں اور مہینوں میں اس ایٹمی طاقت کو ایک بڑے بحران سے دوچار کر سکتا ہے۔

منگل 12 جون کے روز اسلام آباد میں جسٹس ریٹائرڈ ناصرالملک کی قیادت میں قائم نگراں وفاقی حکومت نے فیصلہ کیا کہ ملکی تجارتی خسارے کو کم کرنے کے لیے غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر استعمال کیے جائیں گے۔ لیکن بڑا مسئلہ یہ بھی ہے کہ پاکستان کے زرمبادلہ کے ان ذخائر میں پہلے ہی تیزی سے کمی ہو رہی ہے۔

نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق خدشہ ہے کہ پاکستان کو مالی ادائیگیوں میں توازن کے حوالے سے ایک بحران کا سامنا بھی کرنا پڑ سکتا ہے۔ ایسی صورت میں حکومت 2013 کے بعد سے دوسری مرتبہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ یا آئی ایم ایف سے نئے قرضے مانگنے پر مجبور ہو سکتی ہے۔

نگران پاکستانی وزیر خزانہ شمشاد اختر نے اسلام آباد میں ایک پریس کانفرنس کے دوران صحافیوں کو بتایا، ’’پاکستان کو اس وقت بیرونی تجارت میں 25 ارب ڈالر کے خسارے کا سامنا ہے۔ ہمیں اس خسارے کو پورا کرنے کے لیے زر مبادلہ کے ذخائر استعمال کرنے پڑیں گے۔ اس کے سوا اور کوئی چارہ ہی نہیں ہے۔‘‘

شمشاد اختر، جو بین الاقوامی سطح کی ایک معروف ماہر اقتصادیات ہیں، نے کہا، ’’اقتصادی مسائل اور تجارتی خسارہ وہ بڑی پریشانیاں ہیں، جس کا موجودہ نگران حکومت کو سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔‘‘

دوسری طرف یہ بات بھی اہم ہے کہ شمشاد اختر نے پاکستانی دارالحکومت میں آج یہ بات اس وقت کہی، جب اس سے محض چند ہی گھنٹے قبل ملک کے مرکزی بینک نے پاکستانی روپے کی قدر میں 3.7 فیصد کمی کا اعلان بھی کر دیا تھا۔ یہ کمی پاکستانی کرنسی کی قدر میں گزشتہ برس دسمبر سے لے کر اب تک کی جانے والی تیسری کمی ہے۔ شمشاد اختر کے مطابق پاکستان کا مسئلہ صرف تجارتی خسارہ ہی نہیں ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ریاست کے ذمے وہ قرضے بھی ایک بہت بڑا مسئلہ ہیں، جو مجموعی قومی پیداوار کے 70 فیصد تک پہنچ چکے ہیں۔ مزید یہ کہ پاکستان کی معیشت میں ترقی کی شرح بھی بہت تسلی بخش نہیں ہے۔

گزشتہ منتخب حکومت نے مالی سال 18-2017 کے لیے7.8 فیصد کی شرح نمو کا ہدف مقرر کیا تھا لیکن یہ شرح 5.8 فیصد رہی، یعنی حکومتی اہداف سے دو فیصد کم۔ دوسری طرف پاکستان کے لیے ملک میں مقامی طالبان اور دیگر عسکریت پسند گروپوں کی خونریز کارروائیاں اور توانائی کا وہ بحران بھی بہت نقصان دہ ثابت ہو رہے ہیں، جو سرمایہ کاری کے ماحول، صنعتی پیداوار اور مجموعی طور پر قومی معیشت کو بری طرح متاثر کر رہے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔