’پاک-ایران کشیدگی کے باوجود انتخابات 8 فروری کو ہی ہوں گے‘، پاکستانی الیکشن کمیشن کا عزم

پاکستانی الیکشن کمیشن کے ترجمان نے کہا کہ کمیشن انتخابات کی تیاریوں میں مصروف ہے اور ایسی کوئی تجویز یا متبادل زیر غور نہیں کہ پاک-ایران کشیدگی کی وجہ سے انتخابات کی تاریخ پر نظر ثانی کی جائے۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان
الیکشن کمیشن آف پاکستان
user

قومی آوازبیورو

اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان کا کہنا ہے کہ پاک-ایران سرحدی کشیدگی کے باوجود اس کی تمام تر توجہ 8 فروری کو عام انتخابات کرانے پر مرکوز ہے۔ ’دی نیوز‘ نے جب الیکشن کمیشن کے ترجمان سے رابطہ کیا اور پوچھا کہ کیا پاکستان اور ایران کے درمیان موجودہ کشیدگی سے 8 فروری کو ہونے والے انتخابات اور ان کا شیڈول متاثر ہوگا؟ تو ترجمان نے جواب دیا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان اپنے شیڈول کے مطابق اور اعلانیہ تاریخ پر الیکشن کرانے کے لیے پرعزم ہے۔

الیکشن کمیشن کے ترجمان نے واضح لفظوں میں کہا کہ کمیشن انتخابات کی تیاریوں میں مصروف ہے اور ایسی کوئی تجویز یا متبادل زیر غور نہیں کہ پاک-ایران کشیدگی کی وجہ سے الیکشن کی تاریخ پر نظر ثانی کی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم معمول کے مطابق کام کر رہے ہیں اور 8 فروری کو الیکشن کرانے کے لیے تیاریاں جاری ہیں۔ وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی کا بھی یہی کہنا ہے کہ الیکشن اپنے وقت پر ہوں گے۔ ان کی رائے ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان صورتحال میں کشیدگی کم ہونا شروع ہو گئی ہے۔


اس درمیان پاکستانی میڈیا کے مطابق پاکستان اور ایران کے وزرائے خارجہ نے حالیہ سرحدی کشیدگی کو ختم کرنے پر اتفاق ظاہر کیا ہے۔ پاکستانی دفتر خارجہ کے مطابق نگراں وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی اور ایران کے وزیر خارجہ میں رابطہ ہوا جس میں دونوں نے پاکستان اور ایران کے درمیان حالیہ تناؤ ختم کرنے پر اتفاق کیا۔ دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ جلیل عباس جیلانی نے ایرانی وزیرخارجہ کو پاکستان کے تحفظات سے آگاہ کیا اور کہا کہ پاکستان کبھی بھی اپنی سلامتی پر سمجھوتہ نہیں کرے گا۔

(یو این آئی اِنپٹ کے ساتھ)

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔