پاکستان: سرکاری عہدہ کے لیے مذہب کی جانکاری دینا لازمی

پاکستانی ہائی کورٹ نے حلف سے متعلق ایک معاملے کی سماعت کے دوران سرکاری اداروں میں ملازمت جوائن کرنے سے پہلے مذہب بتانے کو ضروری قرار دیا۔ اس فیصلہ کے بعد ملک کے اکثریتی طبقہ میں خوشی کا ماحول ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

پاکستان کے ہائی کورٹ نے سرکاری اداروں میں عہدہ حاصل کرتے وقت مذہب کی جانکاری دینے سے متعلق جمعہ کو ایک اہم فیصلہ سنایا۔ پاکستانی عدالت نے حکم جاری کیا ہے کہ کسی بھی شخص کے لیے اب سرکاری ملازمت جوائن کرتے وقت اپنے مذہب کے تعلق سے جانکاری دینا لازمی ہوگا۔ عدالت کے اس فیصلے کے بعد مسلم اکثریتی ملک پاکستان کا ایک طبقہ بہت خوش ہے جس نے حکومت کے ذریعہ الیکشن ایکٹ 2017 کے ذریعہ حلف کے ضابطوں میں تبدیلی کی سخت مخالفت کی تھی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جج شوکت عزیز صدیقی نے یہ فیصلہ سنایا ہے۔ انھوں نے یہ حکم حلف سے متعلق ایک معاملہ ’ختم نبوت‘ کی سماعت کرتے ہوئے جاری کیا۔ جج نے کہا کہ یہ سبھی پاکستانی کے لیے لازمی ہے کہ وہ سول سروس، آرمڈ فورسز یا عدلیہ کے لیے حلف سے پہلے اپنے مذہب کو ظاہر کریں۔ جسٹس صدیقی نے اپنے حکم نامہ میں یہ بھی کہا کہ ’’سرکاری ملازمتوں کے لیے درخواست کرنے والے شہریوں کے لیے حلف لینا ضروری ہے جس سے آئین کے مطابق مسلم اور غیر مسلم کی تعریف طے ہو سکے۔‘‘

قابل ذکر ہے کہ گزشتہ سال حکومت پاکستان نے ملک میں حلف کے قوانین میں تبدیلی کر دی تھی جس کے بعد اکثریتی طبقہ میں ناراضگی پھیل گئی تھی اور کئی تنظیموں نے اس کے خلاف تحریک شروع کر دی تھی۔ نومبر میں انھوں نے اسلام آباد کو جوڑنے والے ایک اہم شاہراہ کو جام بھی کر دیا تھا۔ اس مظاہرہ کے بعد حکومت پاکستان نے وزیر قانون زاہد حامد کو ہٹا دیا تھا۔ اس کے بعد ناراض مظاہرین نے تحریک واپس لی تھی۔ اب جب کہ پاکستانی ہائی کورٹ نے حلف سے متعلق فیصلہ سنا دیا ہے تو ناراض طبقہ میں بھی خوشی کا ماحول ہے۔ تحریک چلانے والی تنظیموں کا کہنا تھا کہ حکومت نے الیکشن ایکٹ 2017 کے ذریعہ حلف برداری کے قوانین میں اس لیے تبدیلی کی تھی تاکہ احمدیہ طبقہ کو لبھایا جا سکے۔ واضح رہے کہ پارلیمنٹ نے 1974 میں احمدیہ طبقہ کو غیر مسلم قرار دے دیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔