پاکستان میں کورونا سے اموات، عالمی شرح سے زیادہ

پاکستان میں تقریباً 172 ہیلتھ ورکرز کورونا انفیکشن کی وجہ سے ہلاک ہو چکے ہیں۔ جن میں سے 103 ڈاکٹر، ایک میڈیکل کا طالب علم، چار نرسیں اور 64 پیرا میڈیکس تھے۔

علامتی، تصویر یو این آئی
علامتی، تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

اسلام آباد: پاکستان میں کورونا وائرس (کووڈ-19) انفیکشن سے ہونے والی اموات کی شرح عالمی شرح اموات سے زیادہ ہے۔ یہ اطلاع پاکستان کے اخبار ڈان نے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے حوالے سے دی ہے۔ این سی او سی کے مطابق عالمی سطح پر کورونا سے اموات کی شرح 1.97 فیصد ہے جبکہ پاکستان میں یہ شرح 2.24 فیصد ہے۔

کووڈ-19 پر سائنٹیفک ٹاسک فورس کے رکن ڈاکٹر جاوید اکرم کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کورونا کی وجہ سے اموات کی شرح زیادہ ہے کیونکہ اسپتال میں آنے والے مریضوں کی تعداد زیادہ ہے اور مریض کورونا کی وجہ سے پیدا ہونے والی دیگر عوارض میں بھی مبتلا تھے۔ انہوں نے بتایا کہ اسپتالوں میں ناقص صحت دیکھ بھال اور تشخیصی سہولیات کی وجہ سے پورے ملک میں ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔


ڈاکٹر اکرم نے بتایا کہ پورے ملک میں کووڈ-19 سے ہونے والی 78 فیصد اموات 50 سال سے زیادہ عمر کے افراد کی تھیں اور مرنے والوں میں سے 69 فیصد کو دائمی بیماری تھی جبکہ مرنے والوں میں سے 91 فیصد چھ دن تک اسپتال میں داخل رہے۔ اسپتال میں داخل مریضوں میں سے تقریباً 45 فیصد اوسطاً تین دن وینٹی لیٹر پر تھے۔

پاکستان میں تقریباً 172 ہیلتھ ورکرز کورونا انفیکشن کی وجہ سے ہلاک ہو چکے ہیں۔ جن میں سے 103 ڈاکٹر، ایک میڈیکل کا طالب علم، چار نرسیں اور 64 پیرا میڈیکس تھے۔ ڈاکٹر اکرم نے اس حقیقت کو تسلیم کیا کہ پاکستان میں کورونا انفیکشن کے مریضوں کی اموات عالمی فیصد سے زیادہ ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔