پاکستان میں کورونا کے کیسوں کی تعداد 730، تمام بین الاقوامی پروازیں معطل

حکومت پاکستان نے تمام بین الاقوامی مسافر پروازوں کے آپریشن کو معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان میں پاکستان آنے والی چارٹرڈ اور پرائیویٹ پروازیں شامل ہیں۔ فلائٹ آپریشن 4 اپریل 2020 تک معطل رہیں گے۔

تصویر العریہ ڈاٹ نیٹ
تصویر العریہ ڈاٹ نیٹ
user

قومی آوازبیورو

اسلام آباد: پاکستان میں مہلک وائرس کورونا کے شکارافراد کی تعداد 730 ہوگئی ہے۔ وفاقی حکومت نے اس وبا کو پھیلنے سے روکنے کے لیے دو ہفتے تک تمام بین الاقوامی پروازیں معطل کردی ہیں۔ پاکستان کی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ہفتے کے روز ایک بیان میں کہا ہے کہ ’’حکومت نے تمام بین الاقوامی مسافر پروازوں کے آپریشن کو معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان میں پاکستان آنے والی چارٹرڈ اور پرائیویٹ پروازیں شامل ہیں۔ فلائٹ آپریشن 4 اپریل 2020 تک معطل رہیں گے۔‘‘

تاہم مال بردار طیاروں اور سفارتی پروازوں پر اس حکم کا اطلاق نہیں ہوگا۔ حکومت کی ہدایات کی روشنی میں قومی فضائی کمپنی پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز (پی آئی اے) نے بھی 28 مارچ تک اپنی تمام بین الاقوامی پروازیں معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔


کورونا کے مریض

پاکستان میں کورونا وائرس سے اب تک تین اموات ہوئی ہیں اور ملک بھر میں اس مہلک وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 730 ہوگئی ہے۔ صوبہ سندھ نے گزشتہ روز کورونا وائرس کے 90 نئے کیسوں کی اطلاع دی ہے۔ اس صوبہ میں اب تک 357 افراد اس مہلک مرض کا شکار ہوچکے ہیں۔

صوبائی محکمہ صحت کے ترجمان کے مطابق جن افراد کی تشخیص ہوئی ہے، یہ تمام شیعہ زائرین ہیں اور حال ہی میں ایران سے تفتان بارڈر کے راستے پاکستان لوٹے تھے۔ انھیں سکھر میں کورونا وائرس کا شکار افراد کے لیے قائم کردہ قرنطینہ مرکز میں رکھا جارہا ہے۔


صوبہ بلوچستان کے چیف سکریٹری فضیل اصغر نے 12 نئے کیسوں کی اطلاع دی ہے۔ یہ تمام کیس صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں واقع قرنطینہ مرکز سے تعلق رکھتے ہیں۔ ان کی تشخیص کے بعد صوبہ میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 104 ہوگئی ہے۔

صوبہ پنجاب کے محکمہ صحت نے کورونا وائرس کے 41 نئے کیسوں کی اطلا ع دی ہےاور صوبہ میں کورونا کے مریضوں کی تعداد بڑھ کر137 ہوگئی ہے۔ ان میں 20 افراد کا تعلق لاہور سے ہے۔ ڈیرہ غازی خان میں قائم کردہ قرنطینہ مرکز میں 106 افراد کو رکھا جارہا ہے۔ضلع گوجرانوالا میں چار، راول پنڈی اور ملتان میں ایک، ایک اور جہلم میں دو افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔


وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس کے 10 اور گلگت بلتستان میں 31 اورصوبہ خیبر پختونخوا میں 27 افراد کے اس مہلک مرض میں مبتلا ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔