پاکستان میں وفاقی کابینہ کے مزید 4 ارکان کی حلف برداری

پاک وفاقی کابینہ کےوزیر حلف اٹھاتے ہوئے
پاک وفاقی کابینہ کےوزیر حلف اٹھاتے ہوئے
user

قومی آواز بیورو

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی کابینہ کے مزید 4 ارکان نے عہدوں کا حلف اٹھالیا جس کے بعد کابینہ کا حجم 47 ارکان تک پہنچ گیا۔

وفاقی کابینہ کے 43 ارکان نے 4 اگست کو ایوان صدر میں منعقدہ تقریب میں حلف اٹھایا تاہم 4 ارکان تقریب کا حصہ نہ بن سکے جنہوں نے آج عہدوں کا حلف اٹھالیا۔

ایوان صدر میں حلف برداری کی تقریب منعقد ہوئی جہاں صدر مملکت ممنون حسین نے وفاقی کابینہ میں شامل 2 وفاقی وزیر اور 2 وزرائے مملکت سے حلف لیا۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی کابینہ میں شامل نئے وزراء میں دانیال عزیز اور ممتاز تارڑ جب کہ وزرائے مملکت میں دوستین ڈومکی اور ایاز شاہ شیرازی شامل ہیں۔

اس سے قبل 4 اگست کو حلف برداری کی تقریب میں تاخیر سے پہنچنے پر دوستین ڈومکی اور ممتاز تارڈ حلف نہ اٹھا سکے تھے جب کہ ایاز شاہ شیرازی شہر سے باہر اور دانیال عزیز کے بارے میں بتایا جارہا تھا کہ وہ وفاقی وزیر نہ بنائے جانے پر شدید ناراض ہیں جس کی وجہ سے وہ تقریب کا حصہ نہ بنے تاہم بعدازاں انہوں نے اس کی تردید کی تھی۔

نئی وفاقی کابینہ 28 وفاقی وزراء اور 19 وزرائے مملکت پر مشتمل ہے جب کہ کابینہ میں بیشتر وزیر گزشتہ کابینہ سے ہی لیے گئے ہیں تاہم کابینہ میں 6 نئے وزرا اور 12 نئے وزرائے مملکت شامل ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 10 Aug 2017, 6:16 PM