پاکستان: کشتی الٹ جانے سے حادثہ، 25 افراد کے ہلاک ہو جانے کا خدشہ

پاکستان میں ایک کشتی کے الٹنے سے 8 افراد ہلاک اور دیگر 17 لاپتہ ہو گئے ہیں۔ صوبہ خیبر پختونخوا میں دریائے سندھ میں یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایک کشتی پر سوار مسافر شانگلہ سے ہری پور جا رہے تھے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

اسلام آباد: پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے شمال مغربی شہر ہری پور میں 50 لوگوں سے بھری ایک کشتی کے جھیل میں ڈوب جانے سے 8 افراد کی موت ہو گئی اور تقریباً 17 لاپتہ ہو گئے۔

شہر کے اسسٹنٹ کمشنر عرب گل نے بتایا کہ بدھ کو تربیلا جھیل میں ہوئے اس حادثے میں چار بچوں سمیت آٹھ افراد کی لاشیں برآمد کر لی گئی ہیں۔ غوطہ خوروں نے 15 لوگوں کو محفوظ نکال لیا۔ انہوں نے بتایا کہ حادثے کے وقت کشتی پر خواتین اور بچوں سمیت 50 سے 60 افراد سوار تھے۔


ایک مقامی پولس اہلکار زاہد اللہ کا نیوز ایجنسی اے ایف پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا، ’’بچ جانے والے 13 افراد خود تیرتے ہوئے کنارے تک پہنچے تھے۔‘‘ ان کا مزید کہنا تھا، ''ہم نے دریا میں سے چار لاشیں نکالی ہیں۔ ان میں دو خواتین اور ایک بچہ شامل ہیں۔‘‘ انہوں نے ابھی تک لاپتہ افراد کے ہلاک ہونے کا بھی خدشہ ظاہر کیا ہے، ''یہاں پر پانی کا بہاؤ بہت تیز ہے اور دریا گہرا بھی ہے۔ اسی وجہ سے کسی کے بچنے کی امید کم ہی ہے۔‘‘

ادھر، شہر کے سبھی اسپتالوں میں ایمرجنسی کا اعلان کیا ہے۔ تمام ڈاکٹروں اور نیم طبی عملے کو فوری طور پر ڈیوٹی پر پہنچنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ حادثے کے فوراً بعد مقامی غوطہ خوروں اور راحتی عملے کوجائے وقوعہ پر بھیجا گیا لیکن جائے وقوعہ تک سڑک نہ ہونے کی وجہ سے انہیں وہاں پہنچنے میں تاخیر ہوئی۔ اس دوران پاکستانی فوج کی اسپیشل فورس کو راحتی کاروائیوں میں تیزی لانے کے لئے جائے وقوعہ پر بھیجا گیا ہے۔ پولس نے بتایا کہ ایسا لگتا کہ کشتی میں گنجائش سے زیادہ لوگوں کے سوار ہونے کی وجہ سے ڈوب گئی۔ کشتی میں لوگوں کے علاوہ جانور اور سامان بھی تھا۔

(یو این آئی ان پٹ کے ساتھ)

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔