پاکستانی عوام پر پھوٹا ’مہنگائی بم‘، پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں زبردست اضافہ
پٹرول کی قیمت میں 5.36 روپے کا اضافہ ہوا ہے اور اب یہ قیمت 272.15 روپے فی لیٹر ہو گیا ہے۔ اسی طرح ڈیزل کی قیمت میں 11.37 روپے کا اضافہ ہوا ہے جس سے فی لیٹر قیمت 284.35 روپے ہو گئی ہے۔

تصویر آئی اے این ایس
پاکستان میں مہنگائی سے بے حال عوام پر ایک بار پھر ’مہنگائی بم‘ پھوڑ دیا گیا ہے۔ حکومت نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں زبردست اضافہ کر دیا ہے جس کا اثر اب دیگر سامانوں کی قیمتوں پر بھی پڑنا لازمی ہے۔ پڑوسی ملک میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 11 پاکستانی روپے تک کا اضافہ کیا گیا ہے جو کہ آج یعنی 16 جولائی سے ہی نافذ العمل ہے۔
2 وقت کی روٹی کے لیے جدوجہد کر رہی پاکستانی عوام کے لیے مہنگائی ایک بُرا خواب ثابت ہو رہی ہے۔ فکر انگیز بات یہ ہے کہ آئندہ 2 ہفتوں تک پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں کم نہیں ہونے والی ہیں۔ پاکستانی خبر رساں ادارہ ’جیو نیوز‘ کے مطابق محکمہ مالیات کے ذریعہ منگل کو جاری ایک بیان میں مطلع کیا گیا ہے کہ پٹرول کی قیمت اب 5.36 روپے کا اضافہ ہونے کے بعد 272.15 پاکستانی روپے فی لیٹر ہو گئی ہے، جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 11.37 پاکستانی روپے کا اضافہ ہوا ہے۔ اس اضافہ کے بعد ڈیزل کی قیمت 284.35 پاکستانی روپے فی لیٹر ہو گئی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل بھی پاکستان نے 2 مرتبہ ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ کیا تھا۔ یعنی گزشتہ کچھ ہفتوں میں ہی پٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں تیسری مرتبہ اضافہ کیا گیا ہے۔ پاکستان کی تیل اور گیس ریگولیٹری اتھارٹی (او جی آر اے) و دیگر متعلقہ وزارتوں کے مشورہ پر پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں تازہ اضافہ کیا گیا ہے۔ اس کے پیچھے کی وجہ بین الاقوامی تیل بازاروں میں عدم استحکام بتایا جا رہا ہے۔ حکومت نے ’او جی آر اے‘ کی سفارشات کی بنیاد پر نئی قیمتیں طے کی ہیں۔
گزشتہ دو ہفتوں میں پاکستان میں ایندھن کی قیمتوں میں کافی زیادہ اضافہ ہو چکا ہے۔ گزشتہ ہفتہ پٹرول کی قیمت میں 8.36 روپے فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت میں 10.39 روپے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا تھا۔ لگاتار ہو رہے اس اضافہ نے عوام پر معاشی دباؤ بہت زیادہ بڑھا دیا ہے۔ پٹرول و ڈیزل کی بڑھتی قیمتوں نے نہ صرف ٹرانسپورٹیشن کے خرچ کو بڑھایا ہے، بلکہ روزمرہ کی ضرورتوں کے سامانوں کی قیمتیں بھی متاثر ہوئی ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔