’پاکستان نے گھٹنے ٹیک کر ابھینندن کو واپس بھارت بھیجا‘ قومی اسمبلی کے رکن کا دعویٰ

پاکستان کی قومی اسمبلی کے رکن ایاز صادق نے دعوی کیا ہے کہ اس وقت وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے حزب اختلاف سے کہا تھا کہ بھارت پاکستان پر حملہ کرنے والا ہے اس لئے ابھینندن کو رہا کرنا ضروری ہے

ابھینندن کی فائل تصویر
ابھینندن کی فائل تصویر
user

قومی آوازبیورو

اسلام آباد: ہندوستانی فضائیہ کے پائلٹ ونگ کمانڈر ابھینندن ورتھمان جن کا جہاز گزشتہ سال 27 فروری کو پی او کے میں گر کر تباہ ہو گیا تھا، ان کے نام پر پاکستان میں آج بھی سیاست جاری ہے۔ بدھ کے روز پاکستان کی قومی اسمبلی میں تقریر کے دوران حزب اختلاف کے ایک رکن ایاز صادق نے دعویٰ کیا کہ ہندوستان کے حملہ کے ڈر سے عمران خان کی حکومت نے ہندوستانی فضائیہ کے پائلٹ ابھینندن کو اچانک رہا کر دیا تھا۔

مسلم لیگ (ن) کے رہنما ایاز صادق نے دعویٰ کرتے ہوئے کہا ’’وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ایک اہم میٹنگ میں کہا تھا کہ اگر بھارتی پائلٹ ابھینندن کو نہ چھوڑا گیا تو بھارت رات 9 بجے پاکستان پر حملہ کر دے گا۔‘‘ انہوں نے کہا کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا تھا خدا کے واسطے ابھینندن کو واپس جانے دیں۔‘‘


ایاز صادق نے کہا ابھینندن کو بھارت واپس بھیجنے پرحکومت نے گھٹنے ٹیک دیئے، شاہ محمو د قریشی کی ٹانگیں کانپ رہی تھیں، پسینے میں شرابور تھے۔ ایاز صادق نے مزید کہا کہ ہندوستان کوئی حملہ نہیں کرنے والا تھا۔ پاکستان حکومت کو صرف گھٹنے ٹیک کر ابھینندن کو واپس بھیجنا تھا، جو انہوں نے کیا۔

خیال رہے کہ 27 فروری 2019 کو پاکستان کے جہازوں کو کھدیڑتے ہوئے ہندوستانی فضائیہ کے پائلٹ ابھینندن کا میگ-21 کریش ہو گیا تھا اور وہ پیراشوٹ کے ذریعے جہاز سے کود گئے تھے۔ اترنے کے دوران وہ ایل او سی کے پار پہنچ گئے اور پاکستانی فوج نے انہیں اپنی حراست میں لے لیا تھا۔


جب ہندوستانی حکومت کو سرکاری طور پر معلوم چلا تو انہوں نے بلا شرط انہیں واپس لوٹانے کو کہا۔ اس کے بعد پاکستان کی حکومت نے ابھینندن کو واپس لوٹانے کا فیصلہ کیا۔ پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے خود 28 فروری کو وہاں کی قومی اسمبلی میں اعلان کیا تھا کہ وہ ونگ کمانڈر ابھینندن کو ہندوستان خیر سگالی کے طور پر واپس بھیج رہے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 29 Oct 2020, 9:11 AM