بنوں میں محکمہ انسداد دہشت گردی کمپلیکس کے آپریشن میں 25 دہشت گرد ہلاک، پاکستانی فوج کا دعویٰ

پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈی جی شریف چوہدری نے کہا ہے کہ سیکورٹی فورسز نے بنوں میں محکمہ انسداد دہشت گردی کمپلیکس کے آپریشن میں 25 دہشت گردوں کو ہلاک اور 3 کو گرفتار کر لیا

تصویر بشکریہ عرب نیوز
تصویر بشکریہ عرب نیوز
user

یو این آئی

اسلام آباد: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) میجر جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ سیکورٹی فورسز نے بنوں میں محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کے کمپلیکس کے آپریشن میں 25 دہشت گرد ہلاک، 3 گرفتار اور 7 نے خودسپردگی کی۔

ڈان میں شائع رپورٹ کے مطابق جیو نیوز کے پروگرام ’آپس کی بات ’ میں گفتگو کرتے ہوئے ترجمان پاک فوج نے کہا کہ 18 دسمبر 2022 کو بنوں میں سی ٹی ڈی کمپلیکس میں 35 دہشت گرد زیر تفتیش تھے، ان میں سے ایک نے سی ٹی ڈی کے ایک جوان کو قابو میں کرکے اس کا ہتھیار چھینا، اور اپنے دیگر زیر تفتیش ساتھیوں کو آزاد کروالیا۔انہوں نے مزید بتایا کہ ان لوگوں (دہشت گردوں) نے سی ٹی ڈی کمپلیکس میں موجود مال خانے میں جو ضبط شدہ ہتھیار ہیں، ان کو اپنے قابو میں لیا اور فائرنگ کرکے سی ٹی ڈی کے ایک سپاہی کو شہید کر دیا جبکہ ایک زخمی ہو گیا جو بعد میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گیا۔


میجر جنرل احمد شریف نے بتایا کہ سیکیورٹی فورسز کا ایک جے سی او ایس ایم خورشید جو تفتیش کے لیے سی ٹی ڈی میں موجود تھے، انہیں یرغمال بنا لیا گیا۔انہوں نے مزید کہا کہ فائرنگ کی آواز سنتے ہی سیکیورٹی فورسز وہاں پہنچیں اور انہوں نے کمپلیکس کا محاصرہ کر لیا، جو دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ ہوا، اس دوران دو دہشت گرد مارے گئے جبکہ تین دہشت گرد جو فرار ہونا چاہتے تھے، وہ گرفتار ہو گئے، اس دوران سیکیورٹی فورسز کے دو جوان بھی زخمی ہوئے۔

ترجمان افواج پاکستان نے مزید کہا کہ اس کے بعد وہاں پر جو فورسز تھیں، انہوں نے پورے علاقے کا محاصرہ کر لیا، دہشت گردوں نے وہاں سے فرار ہونے کی جو بھی کوشش کی، وہ ناکام بنا دی گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ 48 گھنٹے میں بھرپور کوشش کی گئی کہ دہشت گرد بلامشروط سرنڈر کردیں جبکہ جو دہشت گرد افغانستان جانے کے لیے محفوظ راستہ مانگ رہے تھے، دہشت گردوں کے اس مطالبے کو مکمل طور پر رد کیا گیا، اور یہ بتا دیا گیا کہ اس طرح کا کوئی سوال پیدا ہی نہیں ہوتا۔


میجر جنرل احمد شریف چوہدری نے بتایا کہ چونکہ وہ وہاں سے بلاشرط خودسپردگی کرنے اور کسی صورت میں ہتھیار ڈالنے کو تیار نہیں تھے، تو آج سیکیورٹی فورسز نے سی ٹی ڈی کمپلیکس پر بھرپور آپریشن شروع کیا، آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، اور مرحلہ وار کمروں کی کلیئرنس کی گئی ، اس دوران ہمارے جوان انتہائی بہادری سے لڑے، اور شدید فائرنگ کے تبادلے میں 25 دہشت گرد مارے گئے، 3 گرفتار ہوئے، اس دوران 7 دہشت گردوں نے سرنڈر کر دیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */