راولپنڈی کے رہائشی علاقہ میں فوجی طیارہ گر کر تباہ، 18 افراد ہلاک

راولپنڈی میں پیر اور منگل کی درمیانی شب میں آرمی ایوی ایشن کا ایک چھوٹا طیارہ تربیتی پرواز کے دوران گر کر تباہ ہو گیا جس میں ڈیڑھ درجن افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

سوشل میڈیا 
سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

پاکستان کے شہر راولپنڈی میں تازہ خبروں کے مطابق ایک فوجی طیارہ رہائشی عالقہ میں گر کر تباہ ہو گیا ہے جس میں 18 افراد ہلاک ہو گئے ہیں ۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق راولپنڈی کے علاقہ مورا کالو میں گرنے والے تربیتی طیارے میں پانچ افراد تھے اور سب کی موت واقع ہوگئی۔

فوج کی جانب سے جاری بیان کے مطابق طیارہ گرنے سے ہلاک ہونے والے دونوں پائلٹ لیفٹننٹ کرنل ثاقب اور لیفٹننٹ کرنل وسیم کے علاوہ نائب صوبیدار افضل، حوالدار ابن امین اور حوالدار رحمت شامل تھے۔


راولپنڈی کے ڈپٹی کمشنر نے منگل کی صبح ہسپتالوں کا دورہ کیا اور تصدیق کی کہ واقعے میں اب تک 15 افراد ہلاک ہو چکے ہیں اور راولپنڈی کے تینوں بڑے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے لیکن غیر سرکاری ذرائع کے مطابق مرنے والوں کی تعداد ابھی 18 ہے ۔


ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کا ہولی فیملی اسپتال ڈی ایچ کیو اور بینظیر بھٹو اسپتال راولپنڈی کا دوراہ اور طیارہ گرنےکےحادثہ میں زخمیوں کی عیادت کی اور ڈاکٹروں کوبہترین علاج کے لئے احکامات جاری کیے-۔ راولپنڈی کے تینوں بڑے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔


جہاز رہائشی کالونی بحریہ ٹاؤن فیز 7 کی حدود کے باہر واقع ایک چھوٹے سے گاؤں میں گر کر تباہ ہو گیا جس کے نتیجے میں پانچ سے چھ مکانات کو نقصان پہنچاہے۔ریسکیو اہلکار کے مطابق ان کی ٹیم نے کل دس لاشیں راولپنڈی کے ہولی فیملی ہسپتال میں بھیجی ہیں جبکہ دس سے زائد افراد زخمی ہیں۔دوسری جانب ہولی فیملی ہسپتال سے رابطہ کرنے پر وہاں کے ذرائع نے بی بی سی کو 10 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی اور کہا کہ کئی افراد زخمی ہیں جن کے جسم بری طرح جھلس گئے ہیں۔ہسپتال کے ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں ایک بچہ بھی شامل ہے۔

حادثے کی خبر آتے ہی سوشل میڈیا پر #BahriaTown اور #planecrash کے ہیش ٹیگ ٹرینڈ کرنے لگے اور متعدد افراد نے تصاویر اور ویڈیوز شئیر کیں جس میں مبینہ طور پر گرنے والی جہاز کی پرواز اور اس کے گرنے کے مناظر نظر آ رہے ہیں۔

(بشکریہ، بی بی سی اردو)

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔