اسلام مذہب کیوں اپنانا چاہتے ہیں برطانیہ کے عیسائی؟ ’آئی آئی ایف ایل‘ کی رپورٹ میں سامنے آیا جواب
آئی آئی ایف ایل کی رپورٹ کے مطابق اسلام قبول کرنے والوں میں عالمی تنازعات سب سے عام وجہ ہے۔ دنیا میں جاری جنگیں اور ناانصافی کا بڑھتا ہوا احساس لوگوں کے اندر اسلام قبول کرنے کا رجحان پیدا کر رہا ہے۔

برطانیہ میں مذہبی تبدیلی کے رجحانات تیزی سے بدل رہے ہیں، اور نئی رپورٹ سے معلوم ہوا ہے کہ ان تبدیلیوں کا مرکز اسلام ہے۔ انسٹی ٹیوٹ فار دی امپیکٹ آف فیتھ اِن لائف (آئی آئی ایف ایل) کی تازہ ترین تحقیق کے مطابق دنیا کے کئی ممالک کی طرح برطانیہ میں بھی لوگ بڑی تعداد میں مذہب اسلام کی جانب راغب ہو رہے ہیں۔ اس کے پیچھے کی وجوہات کافی حیران کن ہیں۔
آئی آئی ایف ایل نے 2774 ایسے لوگوں کا سروے کیا جنہوں نے حالیہ سالوں میں اپنا مذہب تبدیل کیا یا چھوڑ دیا۔ رپورٹ میں سب سے بڑا انکشاف یہ ہوا کہ اسلام قبول کرنے والوں میں عالمی تنازعات سب سے عام وجہ ہے۔ یعنی کہ پوری دنیا میں جاری جنگیں اور ناانصافی کا بڑھتا ہوا احساس لوگوں کے اندر مذہب اسلام قبول کرنے کا رجحان پیدا کر رہا ہے۔ 24-2023 کے اسرائیل-غزہ جنگ کے دوران مغربی ممالک میں اسلام قبول کرنے کی اطلاعات میں اضافہ ہوا تھا، اور اب یہ رپورٹ اسی ٹرینڈ (رجحان) کی تصدیق کرتی ہوئی نظر آ رہی ہے۔
واضح رہے کہ مذکورہ رپورٹ ایسے وقت میں آئی ہے جب برطانیہ میں عیسائی آبادی تاریخ میں پہلی بار 50 فیصد سے نیچے چلی گئی ہے۔ او این ایس 2021 مردم شماری کے اعداد و شمار کے مطابق 46.2 فیصد لوگوں نے خود کو عیسائی بتایا۔ یہ اعداد و شمار 2011 کے مقابلہ میں 13 فیصد کم ہے، اور سب سے بڑی تبدیلی یہ ہے کہ لوگ منظم طور پر مذہب چھوڑ رہے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق 39 فیصد کسی بھی منظم مذہب سے باہر ہوئے ہیں اور ان میں سب سے زیادہ عیسائی مذہب سے نکلے، اور 44 فیصد نے چرچ چھوڑ دیا۔
مذہب اسلام قبول کرنے والوں میں سے 18 فیصد نے ذہنی صحت کو اپنی وجہ بتایا۔ یعنی صدمہ، تناؤ یا زندگی کے بڑے اتار چڑھاؤ کے دوران اسلام کو ایک مستحکم اور واضح ڈھانچے کی طرح دیکھا جا رہا ہے۔ جہاں اسلام قبول کرنے والوں میں تنازعہ اور انصاف کا احساس اہم وجہ ہے، وہیں عیسائی مذہب قبول کرنے والوں کی بنیادی وجہ ہے غم اور اپنے پیارے کو کھونے کا درد۔ 31 فیصد مذہب تبدیل کرنے والوں نے بتایا کہ کووڈ-19 کے دوران ہونے والے نقصانات نے انہیں چرچ کی جانب لوٹایا۔ 23 فیصد نے ذہنی صحت کو وجہ قرار دیا۔ ہندو، بودھ اور سکھ مذہب اپنانے والوں میں بڑی وجہ ہے ذہنی سکون کی تلاش۔ 35 فیصد مذہب تبدیل کرنے والوں نے کہا کہ ذہنی صحت اور ویلنیس پریکٹس (تندرستی کے طریقوں) جیسے یوگا، مراقبہ اور مائنڈفلنیس نے انہیں ان مذاہب کی طرف راغب کیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔