’ہمارے پاس اتنے ایٹم بم ہیں کہ دنیا 150 بار تباہ ہو جائے گی‘، امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کا خوفناک دعویٰ

امریکی صدر ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ’’ہمارے پاس اتنے جوہری ہتھیار ہیں کہ ہم اس زمین کو 150 بار تباہ کر سکتے ہیں۔ روس کے پاس بھی بڑی تعداد میں جوہری ہتھیار ہیں اور چین کے پاس بھی جلد ہی کافی ہتھیار ہوں گے۔‘‘

ڈونالڈ ٹرمپ، تصویر یو این آئی
i
user

قومی آواز بیورو

امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے چین کے متعلق ایک بڑا بیان دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جیسے امریکہ کے لیے چین خطرہ ہے، ویسے ہی چین کے لیے امریکہ بھی خطرہ ہے۔ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ہم انہیں دیکھتے ہیں، وہ ہمیں دیکھتے ہیں۔ دنیا میں بہت مسابقت ہے، خاص کر جب بات امریکہ اور چین کی ہو۔ امریکی صدر نے یہ بھی کہا کہ دونوں ممالک کو آپس میں ٹکرانے کے بجائے ایک ساتھ مل کر کام کرنا چاہیے، تاکہ بہتر نتائج سامنے آ سکیں۔ ٹر مپ کا یہ بیان ایسے وقت میں آیا ہے جب امریکی ایجنسیاں چین پر امریکہ کے بجلی اور پانی کی فراہمی کے نظام میں خلل ڈالنے کا الزام عائد کر رہی ہیں۔

امریکی صدر ٹرمپ نے چین کے بڑھتے ہوئے جوہری ہتھیاروں پر بھی تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین بہت تیزی سے نئے ہتھیار بنا رہا ہے اور 5 سال میں وہ روس اور امریکہ کے قریب پہنچ سکتا ہے۔ ٹرمپ کے مطابق انہوں نے روس کے صدر ولادمیر پوتن اور چین کے صدر شی جنپنگ سے جوہری ہتھیاروں کو کم کرنے کے بارے میں بات کی ہے۔ ٹرمپ نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان مقابلہ جاری رہے گا، لیکن اسے جنگ یا دشمنی میں نہیں بدلنا چاہیے۔ ان کا کہنا ہے کہ تعاون کے ذریعہ دونوں ممالک دنیا کو بہتر سمت دے سکتے ہیں۔


ڈونالڈ ٹرمپ نے چین کے بڑھتے ہوئے جوہری ہتھیاروں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہمارے پاس سب سے زیادہ جوہری ہتھیار ہیں، روس دوسرے نمبر پر ہے اور چین فی الحال تیسرے مقام پر ہے۔ لیکن وہ بہت تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔ مجھے لگتا ہے کہ اب تمام ممالک کو جوہری ہتھیاروں کی تعداد کو کم کرنے یعنی ’تخفیف اسلحہ‘ کے لیے کام کرنا چاہیے۔‘‘ ٹرمپ نے بتایا کہ انہوں نے اس مسئلہ پر روسی صدر پوتن اور چینی صدر جنپنگ دونوں سے بات چیت کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر یہ تینوں ممالک مشترکہ طور پر جوہری ہتھیاروں پر کنٹرول کرنے کی سمت میں قدم بڑھاتے ہیں تو یہ دنیا کے لیے بہت بڑا پیغام ہوگا۔

ڈونالڈ ٹرمپ کے مطابق جوہری تخفیف ایک بہت بڑا مسئلہ ہے۔ ہمارے پاس اتنے جوہری ہتھیار ہیں کہ ہم اس زمین کو 150 بار تباہ کر سکتے ہیں۔ روس کے پاس بھی بڑی تعداد میں جوہری ہتھیار ہیں اور چین کے پاس بھی جلد ہی کافی ہتھیار ہوں گے۔ ان کے پاس اب بھی اچھی خاصی تعداد میں ہیں۔ اپنے حالیہ جوہری تجربے کے حکم کا دفاع کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ ’’چین اور روس بھی اپنے جوہری ہتھیاروں کے تجربے کر رہے ہیں، بس آپ کو اس کے بارے میں علم نہیں ہے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔