امریکہ کو ایک بڑا دھچکا، بیس سالوں میں پہلی بار ٹاپ 10 طاقتور ترین پاسپورٹوں کی فہرست سے باہر
ہینلے کی رپورٹ کے مطابق سنگاپور کو 193 ممالک تک ویزہ فری یا ویزہ آن ارائیول رسائی حاصل ہے، اس کی درجہ بندی سب سے اوپر ہے۔

دنیا بھر میں پاسپورٹ کی درجہ بندی کرنے والی تنظیم ہینلے پاسپورٹ انڈیکس نے پاسپورٹ کی 2025 کی درجہ بندی جاری کر دی ہے۔ اس رپورٹ کے جاری ہونے کے بعد امریکہ کو ایک بڑا دھچکا لگا ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق امریکی پاسپورٹ 20 سال میں پہلی بار دنیا کے 10 طاقتور ترین پاسپورٹوں کی فہرست سے باہر ہو گیا ہے۔
رپورٹ میں سنگاپور کے پاسپورٹ کو پہلے نمبر پر رکھا گیا ہے، جب کہ ہندوستان میں چند سال کی کمی کے بعد مسلسل بہتری آئی ہے۔ پہلے نمبر پر آنے والا امریکہ اب ملائیشیا کے ساتھ 12ویں نمبر پر آ گیا ہے۔ دونوں ممالک کو 180 ممالک تک ویزا فری یا ویزہ آن ارائیول رسائی حاصل ہے۔ 2024 میں امریکہ اس فہرست میں ساتویں نمبر پر تھا۔
ہینلے کی رپورٹ کے مطابق سنگاپور کو 193 ممالک تک ویزہ فری یا ویزہ آن ارائیول رسائی حاصل ہے، اس کی درجہ بندی سب سے اوپر ہے۔ جاپان کے بعد جنوبی کوریا دوسرے نمبر پر ہے جس کی رسائی 190 ممالک تک ہے۔ یورپی ممالک جیسے سوئٹزرلینڈ، لکسمبرگ، جرمنی، اٹلی اورا سپین چوتھے نمبر پر ہیں۔
ہندوستان نے اس بار اچھی رینکنگ حاصل کی ہے۔ رپورٹ میں 59 ممالک تک ویزا فری یا ویزا آن ارائیول رسائی کے ساتھ ہندوستان 85 ویں نمبر پر ہے۔ یہ ہندوستان کے لیے اچھی رینکنگ سمجھی جارہی ہے۔ کووڈ19- وبائی امراض کے بعد، ہندوستان کی درجہ بندی 90ویں نمبر پر آگئی تھی۔ تاہم، 2023 میں، ہندوستان 84 ویں اور 2024 میں، 80 ویں نمبر پر تھا۔
ہینلے پاسپورٹ انڈیکس 2025 کی رپورٹ کے مطابق ہندوستان کا پڑوسی ملک پاکستان 103 ویں نمبر پر ہے جہاں 31 ممالک تک ویزا فری یا ویزہ آن ارائیول رسائی ہے۔ گزشتہ سال 2024 میں پاکستان کا پاسپورٹ 101 ویں نمبر پر تھا، یعنی اس رینکنگ میں پاکستان کی تنزلی ہوئی ہے۔
حالیہ برسوں میں، امریکہ نے ویزا فری سفری معاہدوں کو بڑھانے کے لیے اپنی کوششیں محدود کر دی ہیں۔ دوسرے ممالک (جیسے سنگاپور، جاپان، اور جنوبی کوریا) نے کئی ممالک کے ساتھ معاہدے کیے ہیں، جس سے ان کے شہریوں کو بغیر ویزے کے سفر کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔ امریکہ نے چین، روس، ایران اور کچھ افریقی ممالک سمیت متعدد ممالک کے ساتھ سیاسی اور سفارتی تناؤ کا بھی تجربہ کیا ہے۔ نتیجتاً ان ممالک نے امریکی شہریوں کے لیے سفری پابندیاں بھی عائد کر دی ہیں یا ویزہ کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔