امریکہ انتخابات: ’میں نے یہ انتخاب جیت لیا‘، ٹرمپ نے کیا حیرت انگیز ٹوئٹ!

امریکہ صدرتی انتخابات 2020
امریکہ صدرتی انتخابات 2020
user

قومی آوازبیورو

07 Nov 2020, 9:40 PM

میں نے یہ انتخاب جیت لیا: ڈونالڈ ٹرمپ

ڈیموکریٹس صدر امیدوار بائڈن نے ریپبلکن امیدوار ٹرمپ پر سبقت بنائی ہوئی ہے اور ایسی خبریں بھی سامنے آ رہی ہیں کہ بائڈن کی ٹیم نے حکومت سازی کے لیے تیاریاں بھی شروع کر دی ہیں۔ لیکن اس درمیان ڈونالڈ ٹرمپ نے ایک حیرت انگیز ٹوئٹ کیا ہے۔ ٹوئٹ میں انھوں نے لکھا ہے کہ ’’میں نے یہ انتخاب جیت لیا۔‘‘ ان کے اس ٹوئٹ سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ بھلے ہی بائڈن سے پیچھے چل رہے ہیں، لیکن اپنی شکست ماننے کے لیے تیار نہیں ہیں۔

07 Nov 2020, 3:45 PM

جیت کی دہلیز پر بائڈن، ٹرمپ نے چندہ مانگنا کیا شروع!

ایک طرف جہاں جو بائڈن اپنی جیت کے لئے پُر اعتماد ہیں وہیں دوسری طرف ٹرمپ کی طرف سے چندے کی اپیل کی جا رہی ہے۔ وال اسٹری جنرل کی رپورٹ کے مطابق ٹرمپ اور ان کی پارٹی کی طرف لوگوں کے پاس میسج اور ای میل بھیج کر چندے کے لئے اپیل کی جا رہے ہے۔ میسج میں لکھا جا رہا ہے ’ہمیں انتخابات کا دفاع کرنا ہے۔‘ اس چندے کو الیکشن ڈفینس فنڈ کے نام سے جمع کیا جا رہا ہے۔

07 Nov 2020, 1:06 PM

بائڈن کے جیت کے دعوے پر ٹرمپ کو اعتراض!

امریکہ کے صدر دونالڈ ٹرمپ نے کہا کہ کئی اہم ریاستوں میں صدر کے انتخاب کی قانونی کارروائی شروع ہو رہی ہے اور اس کے ساتھ ہی انہوں نے ڈیموکریٹک پارٹی کے صدر کے عہدے کے امیدوار جو بائڈن کو ’غلط‘ طریقے سے جیت کے دعوے کے خلاف خبردار کیا ہے۔ ٹرمپ نے ٹوئٹ کیا ’’جو بائڈن کو غلط طریقے سے صدارتی دفتر کا دعوی نہیں کرنا چاہیے۔ میں بھی اس طرح کا دعویٰ کرسکتا ہوں۔ قانونی کارروائی ابھی شروع ہوئی ہے‘‘۔

صدر ٹرمپ نے کہا کہ وہ کچھ ریاستوں میں بڑی برتری حاصل کئے ہوئے تھے لیکن کرشمائی طریقے سے یہ برتری کم ہوگئی۔ ٹرمپ نے ایک دیگر ٹوئٹ میں کہا کہ ان سبھی ریاستوں میں دیر رات تک مجھے اتنی بڑی برتری تھی لیکن اگلے دن یہ برتری کرشمائی طریقے سے کم ہوتی چلی گئی۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات کے نتائج کو متاثر کرنے کے لئے بڑے پیمانے پر انتخابی دھاندلی ہو رہی ہے۔


07 Nov 2020, 12:33 PM

بائڈن کو بیرون ملک سے مبارک باد دئے جانے کی شروعات

دنیا کے سب سے طاقتور ملک امریکہ میں صدارتی انتخابات کے ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری اور جو بائڈن جیت کی دہلیز پر کھڑے ہوئے ہیں۔ انہیں 264 الیکٹورل ووٹ حاصل ہو چکے ہیں اور 6 ووٹ ملنے کے بعد انہیں اکثریت کا ہدف حاصل ہو جائے گا۔ دریں اثنا، فجی کے صدر فرینک بنیماراما انہیں بیرون ملک سے مبارک باد دینے والے پہلے کسی ملک کے پہلے سربراہ بن گئے ہیں۔

فرینک بنیماراما نے ٹوئٹر پر لکھا، ’’مبارک ہو جو بائڈن۔ ایک ساتھ مل کر ہم زمین کو موسمیاتی ایمرجنسی اور کورونا سے پیدا شدہ عالمی اقتصادی بحران سے بچا سکتے ہیں۔ اب ہمیں ان کثیر الجہتی کوششوں کی آمیزش پر امریکہ کی پہلے سے کہیں زیادہ ضرورت ہے۔‘‘

07 Nov 2020, 9:42 AM

بائڈن پرامید، ملک کو درپیش مسائل پر کملا ہیرس سے کیا تبادلہ خیال

ڈیموکریٹس کے صدارتی امیدوار جو بائڈن نے گنتی کے دوران تیسری مرتبہ خطاب کیا اور اپنے خطاب کے دوران وہ پر اعتماد نظر آئے۔ صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے برخلاف انہوں نے صاف گوئی سے کام لیا اورانہوں نے حقیقی نتائج اوررجحانات کاہی ذکر کیا ۔انہوں نے کہا کہ کل سے اب تک صورتحال بدلی ہےاوران کی پارٹی جو چوبیس گھنٹے پہلے جارجیا اور پینسلیوینیا میں پیچھے تھی اب وہ آگے ہے اور وہ ان ریاستوں میں جیت جائیں گے۔ واضح رہےبائڈن کا گفتگوکرنے کا طریقہ نرم تھا جبکہ صدر ٹرمپ نے جب خطاب کیا تھا تو وہ کافی غصہ میں تھے۔

جو بائڈن نے اپنے خطاب میں جہاں گنتی میں مصروف امریکی اہلکار کی تعریف کی وہیں انہوں نے وبا سے ہونے والی اموات کاتفصیل سے ذکر کیا ۔انہوں نے اپنے خطاب میں دو مرتبہ اس بات کا ذکر کیا کہ انہوں نے ملک کو درپیش مسائل پر اپنی نائب صدر کی امیدوار کملا ہیرس سے تبادلہ خیال کیا ۔ انہوں نے کہا وبا اور معیشت پر تفصیل سے غور و خوص کیا گیا ۔ بائڈن نے کہا کہ وہ امریکہ کے صدر ہوں گے نہ کہ صرف ان کے جنہوں نے انہیں ووٹ دیا ہے۔


07 Nov 2020, 7:03 AM

ایریزونا سے ٹرمپ کو راحت مگر پینسلوینیا میں پریشان

ڈاک کے ذریعہ موصول ہونے والے ووٹوں کی گنتی میں دیر لگنے کی وجہ سے ابھی تک یہ صاف نہیں ہو پایا ہے کہ امریکہ کا اگلا صدر کون ہوگا۔ ویسے تواب کوئی بھی امریکی ریاست ایسی نہیں ہے جہاں صدرٹرمپ کی پارٹی کو بڑھت ہو لیکن گزشتہ کچھ گھنٹوں میں ریاست ایریزونا سے صدر ٹرمپ کو کچھ راحت کی خبریں موصول ہوئی ہیں کیونکہ وہاں پر بائڈن کی بڑھت دس ہزارووٹوں سے کم ہو گئی ہے۔صدر ٹرمپ کے لئے پینسلوینیا جیتنا بہت ضروری ہے لیکن وہاں پر مستقل بائڈن کی بڑھت میں اضافہ ہورہا ہے۔ واضح رہے اگر بائڈن پینسلوینیا جیت جاتے ہیں تو پھر ان کو کسی اور ریاست کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ وہ ۲۷۰ کے ہدف کو پار کر جائیں گے۔

07 Nov 2020, 8:55 AM

جو بائیڈن کی سکیورٹی بڑھا کر ٹرمپ کے برابر کر دی گئی

واشنگٹن: امریکہ کے صدارتی الیکشن میں جوزف بائیڈن کی کامیابی کے واضح امکانات کے پیش نظر نامزد صدر کی سلامتی حکمران صدر کے برابر کرنے کے ضابطے کے مطابق بائیڈن کی سلامتی کیلئے امریکی خفیہ سروس کے مزید اہلکار ولمنگٹن روانہ کردیئے گئے ہیں۔ ممکنہ نئے صدر کیلئے اضافی فضائی سیکیورٹی اقدامات کا بھی نفاذ عمل میں آگیا ہے۔

امریکہ میں 3 نومبر کے صدارتی الیکشن کے اب صرف پانچ ریاستوں پنسلوانیا، ایریزونا، جارجیا، نیواڈا اور الاسکا کے نتائج آنا باقی ہیں۔ جن میں سے چار میں مسٹر بائیڈن کو برتری حاصل ہے۔ صرف الاسکا میں ڈونلڈ ٹرمپ کافی زیادہ برتری لئے ہوئے ہیں لیکن یہ اس لئے لا ھاصل ہے کہ وہاں الیکٹورل ووٹس صرف 3 ہیں اور بائیڈن کو اس سے زیادہ فرق نہیں پڑے گا۔ جہاں تک پنسلوانیا کا تعلق ہے تو وہاں اگر ٹرمپ کو شکست ہوگئی تو پھر ان کے لئے صدارت کی دوڑ میں کوئی گنجائش نہیں رہ جائے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔