امریکی فوج نے ایرانی بندرگاہوں پر مکمل کنٹرول کا کیا دعویٰ، بغیر منظوری داخل ہونے والے 75 جہاز لوٹائے

امریکی سینٹ کام کے کمانڈر ایڈمرل بریڈ کوپر کا کہنا ہے کہ امریکی فوج نے آبنائے ہرمز میں بین الاقوامی جہازرانی کے راستوں میں ایران کے ذریعہ بچھائی گئی بحری بارودی سرنگوں کو کامیابی سے ہٹا دیا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>امریکہ-ایران جنگ، قومی آواز گرافکس</p></div>
i

ایران کے ساتھ بڑھتی کشیدگی کے درمیان امریکی فوج نے خلیجی خطے میں اپنی سرگرمیوں سے متعلق بڑا ایک دعویٰ کیا ہے۔ امریکی سنٹرل کمانڈ (سینٹ کام) کے کمانڈر ایڈمرل بریڈ کوپر نے کہا کہ بحری ناکہ بندی دوبارہ نافذ ہونے کے بعد سے امریکہ کی اجازت کے بغیر کوئی بھی جہاز ایران کی کسی بندرگاہ میں داخل یا وہاں سے باہر نہیں گیا ہے۔ کوپر نے بتایا کہ گزشتہ کئی ماہ کے دوران امریکی افواج نے تقریباً 1,500 تجارتی جہازوں کو آبنائے ہرمز سے گزرنے میں مدد کی ہے۔ ان جہازوں میں تقریباً 75 کروڑ بیرل خام تیل موجود تھا، جسے دنیا کی توانائی کی منڈیوں کے لیے لے جایا جا رہا تھا۔

قابل ذکر ہے کہ آبنائے ہرمز میں بین الاقوامی بحری راستوں کے ذریعہ دونوں سمتوں میں جانے والے جہازوں کی آمدورفت کو الگ رکھا جاتا ہے، تاکہ سمندری آمدورفت محفوظ طریقے سے جاری رہ سکے۔ ایڈمرل کوپر کا کہنا ہے کہ پورے خطے میں تعینات تقریباً 50 ہزار امریکی فوجی ایران کے خلاف بحری ناکہ بندی نافذ کرنے کے ساتھ ساتھ آبنائے ہرمز میں تجارتی جہازوں کی آمدورفت برقرار رکھنے کے لیے کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ امریکی فوجی اس مہم کو انجام دینے کے ساتھ سمندری تجارت کے بہاؤ کو برقرار رکھنے میں بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔


کوپر کا کہنا ہے کہ امریکی فوج نے آبنائے ہرمز میں ایک اہم کامیابی حاصل کی ہے۔ امریکی افواج نے بین الاقوامی جہازرانی کے راستوں میں بچھائی گئی بحری بارودی سرنگوں کو کامیابی سے ہٹا دیا ہے۔ امریکی کمانڈر کے مطابق یہ بحری سرنگیں کئی ماہ پہلے ایران کی اسلامی انقلابی گارڈ کور (آئی آر جی سی) کی جانب سے بچھائی گئی تھیں۔ لیکن اب آبنائے ہرمز کے بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ بحری راستے ایرانی بحری سرنگوں سے پاک ہیں۔ کوپر نے اس کے لیے امریکی فوج کے جوانوں کے کام کی تعریف کی اور اسے ان کی اہم کامیابی قرار دیا۔

کوپر نے بتایا کہ ناکہ بندی دوبارہ شروع ہونے کے بعد ہزاروں امریکی فوجی اس مہم میں مصروف ہیں۔ اس کے تحت 20 سے زیادہ جنگی جہاز اور سیکڑوں طیارے تعینات کیے گئے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ امریکی افواج نے ناکہ بندی نافذ کرنے کی کارروائی کے دوران 75 ایسے جہازوں کو واپس بھیجا، جو ناکہ بندی توڑنے کی کوشش کر رہے تھے۔ اس کے علاوہ ہدایات پر عمل نہ کرنے والے 3 جہازوں کو ناکارہ بنا دیا گیا۔ امریکی سینٹ کام کمانڈر کے مطابق ان کارروائیوں کے ذریعے امریکی فوج نے ایران پر جاری بحری ناکہ بندی نافذ کرنے اور آبنائے ہرمز میں تجارتی جہازوں کی آمد و رفت برقرار رکھنے میں کامیابی حاصل کی ہے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔