مادورو کی گرفتاری کے بعد اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے بلائی ایمرجنسی میٹنگ
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل 4 جنوری کو ایمرجنسی میٹنگ بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ میٹنگ صومالیہ کی صدارت میں صبح 10 بجے (ہندوستانی وقت کے مطابق رات 8:30 بجے) ہوگی۔

امریکہ نے 3 جنوری کو وینزویلا پر فوجی کارروائی کرتے ہوئے وہاں کے صدر نکولس مادورو اور ان کی اہلیہ کو گرفتار کر لیا ہے۔ اس واقعہ کے بعد اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل (یو این ایس سی) نے پیر (4 جنوری) کو ایمرجنسی میٹنگ بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ میٹنگ صومالیہ کی صدارت میں صبح 10 بجے (ہندوستانی وقت کے مطابق رات 8:30 بجے) ہوگی۔ اس کا بنیادی ایجنڈا ’بین الاقوامی امن اور سلامتی کو درپیش خطرات‘ ہے۔ یو این ایس سی کی میٹنگ میں مستقبل میں اٹھائے جانے والے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا اور بین الاقوامی امن و سلامتی کو یقینی بنانے کے طریقے تلاش کیے جائیں گے۔
واضح رہے کہ صومالیہ اس وقت اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل (یو این ایس سی) کا روٹیٹنگ پریسیڈنٹ ہے۔ سلامتی کونسل میں مجموعی طور پر 15 رکن ممالک ہیں، جن میں 5 مستقل اور 10 غیر مستقل ارکان شامل ہیں۔ کولمبیا کے صدر گستاو پیٹرو نے سب سے پہلے ہنگامی اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کا حملہ ویزویلا کی خودمختاری اور لاطینی امریکہ کی سلامتی کے خلاف ہے۔ پیٹرو نے یہ بھی کہا کہ کسی ملک کے اندرونی تنازع کا حل وہاں کے عوام کے ذریعے پرامن طریقے سے ہونا چاہیے۔ امریکہ کی کارروائی اقوام متحدہ کے اصولوں کے خلاف ہے۔
قابل ذکر ہے کہ ہفتے کے روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا کہ امریکہ نے وینزویلا پر بڑے پیمانے پر فوجی حملہ کیا ہے۔ اس کارروائی میں مادورو اور ان کی اہلیہ کو گرفتار کر کے ملک بدر کر دیا گیا۔ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر مادورو کی تصویر شیئر کی، جس میں وہ یو ایس ایس ایوو جیما وارشپ پر دکھائی دے رہے تھے۔ بعد میں وائٹ ہاؤس سے منسلک ریپڈ رسپانس نے ایک ویڈیو جاری کیا، جس میں مادورو کو ہتھکڑی میں دکھایا گیا اور عدالتی کارروائی کے لیے لے جایا گیا۔ ویڈیو میں مادورو انفورسمنٹ افسران کو ہیپی نیو ایئر اور گڈ نائٹ کہتے ہوئے نظر آئے۔
اس واقعے کے بعد اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے گہری تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اس طرح کی کارروائی پورے خطے کے لیے سنگین نتائج پیدا کر سکتی ہے۔ ان کے ترجمان اسٹیفن ڈوجارک نے کہا کہ یہ واقعہ ایک خطرناک مثال قائم کرتا ہے اور تمام ممالک کو بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی پاسداری کرنی چاہیے۔
دوسری جانب مادورو کی گرفتاری کے بعد وینیزویلا میں سیاسی تبدیلیاں بھی تیزی سے ہوئیں۔ ملک کی سپریم کورٹ نے نائب صدر ڈیلسی روڈریگز کو قائم مقام صدر کے فرائض اور اختیارات سنبھالنے کا حکم دیا۔ عدالت نے کہا کہ مادورو عارضی طور پر اپنی ذمہ داریاں نبھانے میں قاصر ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔