ٹرمپ نے ہندوستان کو پھر کیا انتباہ، ’ابھی تو صرف 8 گھنٹے گزرے ہیں، مزید پابندی لگنی باقی ہے‘
امریکی صدر ٹرمپ نے ہندوستان پر 50 فیصد ٹیرف لگانے کے بعد اب ’سکنڈری سینکشن‘ لگانے کا اشارہ دیا ہے۔ ہندوستانی وزارت خارجہ نے امریکہ کے اس قدم کو بے میل، نامناسب اور ناانصافی پر مبنی قرار دیا ہے۔

امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ سخت رخ اختیار کرتے ہوئے ہندوستانی اشیا کی درآمدات پر 50 فیصد ٹیرف لگانے کا اعلان کر چکے ہیں جو 27 اگست سے نافذ ہونے والا ہے۔ ٹرمپ نے روس سے تیل خریدنے کی پاداش میں ہندوستان کو نشانہ بنایا ہے۔
اس درمیان ایک پریس کانفرنس میں ٹرمپ نے ہندوستان کو پھر انتباہ کیا ہے۔ ٹرمپ نے کہا کہ ابھی تو صرف 8 گھنٹے ہوئے ہیں آگے بھی مزید پابندی دیکھنے کو ملے گی۔ جب ان سے سوال کیا گیا کہ کیا چین پر بھی زیادہ ٹیرف لگے گا۔ انہوں نے جواب دیا، ’ہو سکتا ہے‘۔ ہندوستان سے برآمد ہونے والے کئی مصنوعات جیسے فٹ ویئر، کھلونے، جیمس-جوئیلری، لیدر اور کیمیکلز پر اب کل 58 فیصد تک ٹیکس لگے گا۔ اس سے ہندوستانی برآمد کنندگان کی مسابقت کم ہو جائے گی، کیونکہ چین پر صرف 30 فیصد اور ترکی پر 15 فیصد ڈیوٹی لگائی گئی ہے۔
ہندوستانی وزارت خارجہ نے امریکہ کے اس قدم کو بے میل، نامناسب اور ناانصافی پر مبنی قرار دیا ہے۔ ترجمان رندھیر جیسوال نے کہا کہ ہندوستان 1.4 ارب لوگوں کی توانائی کی حفاظت کو دھیان میں رکھ کر فیصلہ لیتا ہے اور اپنے مفادات کے تحفظ کے لیے ضروری قدم اٹھائے گا۔
ٹرمپ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ہندوستان نے روسی تیل خرید بند کرنے سے انکار کیا ہے جو کہ امریکہ کے لیے نیشنل سیکوریٹی کا معاملہ ہے۔ ایک انٹرویو میں ٹرمپ نے خود ہندوستان پر یوکرین میں روسی جنگ کو موثر ڈھنگ سے فنڈ کرنے کا الزام لگایا تھا۔ انہوں نے کہا، ’وہ (ہندوستان) جنگ مشین کو تیل دے رہا ہے۔’
قابل ذکر ہے کہ امریکہ ہندوستان کی سب سے بڑی برآمدی منڈی ہے۔ مالی سال 25-2024 میں ہندوستان نے امریکہ کو 88 ارب ڈالر کی اشیا برآمد کی تھی۔ نئے ٹریف سے ہندوستان کے بڑھتے برآمد کو جھٹکا لگ سکتا ہے جس سے چین پھر سے امریکی بازار میں پیر جمانے کی کوشش کرے گا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔