ٹرمپ نے ایک بار پھر ہندوستان اور پاکستان کے درمیان جنگ بندی کرانے کا دعویٰ کیا
ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی اور پاکستان کے فوجی سربراہ سے واضح طور پر کہا کہ ’’اگر آپ لوگ جنگ لڑیں گے تو ہم کوئی تجارت نہیں کریں گے‘‘۔

امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر پاکستان اور ہندوستان کے درمیان جنگ بندی کرانے کا دعویٰ کیا ہے۔ ٹرمپ نے اپنے جاپان کے دورے کے دوران کہا کہ انہوں نے ٹیرف کو ہتھیار کے طور پر استعمال کر کے دو جوہری ہتھیاروں سے لیس ممالک کے درمیان جنگ رکوائی ۔ امریکی صدر نے کہا کہ اس جنگ میں سات نئے اور خوبصورت طیارے مار گرائے گئے۔ تاہم انہوں نے ہمیشہ کی طرح یہ نہیں بتایا کہ کس ملک کے طیارے کو مار گرایا گیا۔
ڈونالڈ ٹرمپ نے جاپان میں امریکی فوجیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ "ہمارے ملک کی قومی سلامتی اور جتنی جنگیں میں نے رکوائی وہ سب ٹیرف کی وجہ سے رکیں۔ سچ کہوں تو میں نے تجارت اور ٹیرف کے ذریعہ دنیا کی بہت بڑی خدمت کی، اگر آپ ہندوستان اور پاکستان کو دیکھیں تو وہ اس وقت ایک دوسرے سے لڑ رہے تھے۔"
ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی اور پاکستان کے فوجی سربراہ کو واضح طور پر کہہ دیا تھا کہ ’’اگر آپ لوگوں نے جنگ کی تو ہم آپ کے ساتھ کوئی تجارت نہیں کریں گے۔‘‘ امریکی صدر نے کہا کہ اس وقت دونوں جوہری ہتھیاروں سے لیس ممالک ایک دوسرے کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار تھے اور ’’سات خوبصورت نئے طیارے مار گرائے گئے‘‘۔ ٹرمپ کے مطابق ان کی سخت وارننگ کے بعد ہی صورتحال کو قابو میں لایا گیا۔
ٹرمپ نے کہا کہ انہوں نے ٹیرف پالیسی کے ذریعہ دنیا کے آٹھ بڑے تنازعات کو حل کیا اور ہند پاک جنگ کو روکنے میں اپنا کردار ادا کرنے پروہ امن کے نوبل انعام کے مستحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر وہ اس وقت کارروائی نہ کرتے تو بڑی جنگ چھڑ سکتی تھی۔
ہندوستان نے ڈونالڈ ٹرمپ کے اس دعوے کو مسلسل مسترد کیا ہے۔ ہندوستانی وزارت خارجہ نے واضح کیا ہے کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کشیدگی کو کم کرنے کا فیصلہ دونوں ممالک کے درمیان براہ راست سفارتی رابطوں کے ذریعہ کیا گیا تھا اور اس میں کسی تیسرے فریق کا کوئی کردار نہیں تھا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔