ٹرمپ کا چین کے تیئں رویہ نرم، کہا کہ چین پر 145 فیصد ٹیرف بہت زیادہ
ٹرمپ کا ایسا بیان چینی اور امریکی مارکیٹوں کے لیے بھی اچھا اشارہ دیتا ہے جس کی وجہ سے عالمی اور ایشیائی منڈیوں میں بڑھنے کا رجحان پیدا ہو سکتا ہے۔ ساتھ ہی مہنگائی میں اضافے کا امکان بھی کم ہو سکتا ہے۔

فائل تصویر آئی اے این ایس
چین کے خلاف ٹیرف ایکشن پر امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کا موقف اب نرم ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ واشنگٹن بیجنگ کے ساتھ 'بہت اچھا' برتاؤ کرے گا اورچین پر ٹیرف 145 فیصدتک نہیں رہے گا۔ ایسے میں مانا جا رہا ہے کہ اب امریکہ اور چین کے درمیان تجارت کے حوالے سے کشیدگی ختم ہو سکتی ہے۔ اس کے علاوہ تجارتی جنگ کا خطرہ بھی تقریباً ختم ہو چکا ہے۔
ٹرمپ کا ایسا بیان چینی اور امریکی مارکیٹوں کے لیے بھی اچھا اشارہ دیتا ہے، جس سے عالمی اور ایشیائی منڈیوں میں مزید بہتر ہونے کا امکان ہے ۔ ساتھ ہی مہنگائی میں اضافے کا امکان بھی کم ہو سکتا ہے۔ تاہم امریکی صدر نے کم جارحانہ موقف اپناتے ہوئے کہا کہ چین نے امریکا کو دھوکہ دیا ہے لیکن اب ایسا نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان معاہدہ جلد ہو جائے گا۔
اوول آفس میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ 'میں یہ نہیں کہہ رہا کہ میں چین کے ساتھ سختی سے پیش آؤں گا، ہم بہت اچھے ہوں گے، وہ بھی بہت اچھے ہوں گے اور ہم دیکھیں گے کہ کیا ہوتا ہے؟ بالآخر انہیں معاہدہ کرنا پڑے گا ورنہ وہ امریکہ میں کاروبار نہیں کر پائیں گے۔ لہذا، ہم چاہتے ہیں کہ وہ اس میں شامل ہوں، لیکن انہیں ایک معاہدہ کرنا ہوگا۔ اگر وہ معاہدہ نہیں کرتے ہیں تو ہم معاہدے کو حتمی شکل دیں گے۔ ہم فیصلہ کریں گے اور یہ سب کے لیے منصفانہ ہوگا۔ یہ عمل بہت تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔
ٹرمپ نے مزید کہا، '145 فیصد بہت زیادہ ہے اور یہ اتنا زیادہ نہیں ہوگا۔ یہ اس بلندی کے قریب کہیں نہیں ہوگا۔ یہ کافی حد تک کم ہو جائے گا، لیکن یہ صفر نہیں ہو گا۔' انہوں نے کہا کہ چین نے امریکہ کو دھوکہ دیا ہے اور اب ایسا نہیں ہونے والا۔ 'ہم چین کے ساتھ بہت اچھے رہیں گے، ہمارے صدر شی جن پنگ کے ساتھ اچھے تعلقات ہوں گے ۔ مجھے لگتا ہے کہ وہ بہت خوش ہوں گے اور ہم بہت خوشی سے ایک ساتھ رہیں گے اور مثالی طور پر مل کر کام کریں گے۔'
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔