روس-یوکرین سرحد پر ٹرین حادثہ، پُل گرنے سے بے پٹری ہوئی ریل، 7 افراد کی موت، 30 زخمی
روسی صدر پوتن نے حادثے کے سلسلے میں برایانسک کے گورنر الیکژنڈر بوگوماج کے ساتھ ایک ویڈیو میٹنگ میں واقعہ کی معلومات حاصل کی۔ ایک رپورٹ کے مطابق ابتدائی نتائج سے پُل کو اڑانے کے اشارے ملے ہیں۔

روس میں ایک بڑا ریل حادثہ ہوا ہے۔ برایانسک علاقے میں ہفتہ کی دیر رات ہوئے اس حادثے میں کم سے کم 7 لوگوں کی موت ہو گئی جبکہ 30 دیگر افراد زخمی ہو گئے۔ یہ واقعہ اس وقت ہوا جب ایک پُل ریلوے ٹریک پر گر گیا اور مسافر ٹرین پٹری سے اتر گئی۔ ٹرین پلشینوں اور ویگونچی اسٹیشنوں کے درمیان تھی۔ یہ علاقہ یوکرین کی سرحد سے متصل ہے۔ روسی ٹرانسپورٹ ایجنسی روساؤٹوڈور کے مطابق ٹرین جن پٹریوں پر چل رہی تھی اس پر بنا ایک پُل منہدم ہو گیا۔ افسروں نے کہا کہ یہ حادثہ ٹرانسپورٹ آپریشن میں مداخلت کی وجہ سے پیش آیا۔ حالانکہ انہوں نے اس کی تفصیلی جانکاری نہیں دی۔
روسی صدر ولادیمیر پوتن نے حادثے کے سلسلے میں برایانسک کے گورنر الیکژنڈر بوگوماج کے ساتھ ایک ویڈیو میٹنگ میں واقعہ کی معلومات حاصل کی۔ سرکاری افسروں کے ذریعہ جاری تصاویر میں ٹرین کے ڈبے بُری طرح ٹوٹے پھوٹے دکھائی دیئے، جن کے چاروں اطراف پُل کے ملبے پھیلے تھے۔ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں ٹرین پٹری سے اتر کر سڑک پر گری ہوئی نظر آ رہی ہے۔ موقع پر ہنگامی ٹیمیں اور عام لوگ مدد کرتے ہوئے دکھائی دیے۔
افسروں نے حادثے کے لیے کسی خاص گروپ کو ذمہ دار نہیں ٹھہرایا ہے۔ حالانکہ اس سے پہلے روسی افسروں نے یوکرین حمایت یافتہ گروپوں پر ریلوے کو نشانہ بنانے کا الزام عائد کیا تھا۔ دسمبر 2023 میں یوکرینی میڈیا نے دعویٰ کیا تھا کہ یوکرین کی خفیہ ایجنسی نے سائبیریا میں ایک ریلوے دھماکہ کیا تھا، جو چین کے ساتھ تجارت میں استعمال ہوتی تھی۔ اس واقعہ پر نہ تو روس اور نہ ہی یوکرین نے سرکاری طور پر تبصرہ کیا تھا۔
روسی ریاستی خبر رساں ایجنسیوں نےمیڈیکل ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ مرنے والوں میں لوکو موٹیو ڈرائیور بھی ہے۔ منسٹری آف ایمرجنسی سی چیو ایشن نے ٹیلی گرام پر بتایا کہ جائے حادثہ پر تقریباً 180 اہلکاروں کو تعینات کیا گیا تھا جن کا کام زخمیوں کا پتہ لگانے اور اسے بچانے پر تھا۔
روس کے باجا ٹیلی گرام چینل کی رپورٹ کے مطابق ابتدائی نتائج سے پُل کو اڑانے کے اشارے ملتے ہیں۔ حالانکہ چینل نے دعوے کی حمایت کرنے کے لیے ثبوت نہیں دیے۔
واضح رہے کہ روس-یوکرین جنگ کی شروعات کے بعد سے برایانسک علاقہ پڑوسی کُرسک اور بیلگوروڈ علاقے کے ساتھ بار بار سرحد پار سے گولی، ڈرون حملوں اور یوکرینی علاقے سے مبینہ دراندازی کا سامنا کر رہا ہے۔ گورنر بوگوماج نے کہا کہ ٹرین کلموو سے ماسکو جا رہی تھی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔