نیپال میں اندوہناک حادثہ، بس کھائی میں گرنے سے 28 افراد ہلاک، 14 زخمی

ہلاک شدگان میں زیادہ تر طالب علم اور مہاجر مزدور ہیں جو نیپال کے بڑے تہوار دشہان میں شرکت کرنے کے بعد ہندوستان جا رہے تھے، یہ بس سورکھیت سے موگو گامگادی کی طرف جا رہی تھی۔

سڑک حادثہ، تصویر یو این آئی
سڑک حادثہ، تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

کھٹمنڈو: مغربی نیپال میں منگل کے روز ایک مسافر بس کے گہری کھائی میں گرنے سے کم از کم 28 افراد ہلاک اور 14 زخمی ہو گئے۔ مقامی عہدیدار نے یہ اطلاع دی۔ موگو کے چیف ڈسٹرکٹ آفیسر رام بہادر مہات نے بتایا کہ یہ حادثہ صوبہ کرنالی کے ضلع موگو کے علاقہ پیناگان میں پیش آیا جس میں 24 مسافر موقع پر ہی ہلاک ہو گئے اور چار دیگر نے اسپتال لے جاتے ہوئے دم توڑ دیا۔ انہوں نے بتایا کہ بس میں 42 مسافر سوار تھے اور14 زخمیوں کو ہوائی جہاز سے نیپال گنج پہنچایا گیا ہے۔

بتایا جاتا ہے کہ ہلاک شدگان میں زیادہ تر طالب علم اور مہاجر مزدور ہیں جو نیپال کے بڑے تہوار دشہان میں شرکت کرنے کے بعد ہندوستان جا رہے تھے۔ یہ بس سورکھیت سے موگو گامگادی کی طرف جا رہی تھی۔ رام بہادر نے بتایا کہ ہماری ابتدائی تفتیش میں پتہ چلا ہے کہ سڑک پر بس کا ایک ٹائر پھٹنے کے بعد یہ بے قابو ہو کر کھائی میں گر گئی۔ واضح رہے کہ پیر کے روز بھی صوبہ گنداکی کے ضلع کاسکی میں ایک جیپ حادثے میں آٹھ افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔