’ظالم صیہونی حکومت دنیا کی سب سے زیادہ حقیر اور الگ تھلگ حکومت‘، اقوام متحدہ میں بائیکاٹ پر خامنہ ای کا نیتن یاہو پر طنز
’ایکسیوس‘ کی رپورٹ کے مطابق عرب اور مسلم ممالک کے زیادہ تر نمائندے نیتن یاہو کی تقریر کے دوران ہال چھوڑ کر چلے گئے تھے۔ کئی افریقی اور یورپی ممالک کے نمائندے بھی ان کے ساتھ واک آؤٹ کر گئے تھے۔

ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے اسرائیل کے وزیر اعظم بنجامن نیتن یاہو پر طنزیہ تبصرہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’ظالم صہیونی حکومت دنیا کی سب سے زیادہ حقیر اور الگ تھلگ حکومت ہے۔‘‘ انہوں نے یہ تلخ تبصرہ اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر کیا ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے ایک تصویر بھی شیئر کی ہے، جس میں اقوام متحدہ کا خالی ہال صاف طور سے نظر آ رہا ہے۔ اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو اسٹیج سے خطاب کر رہے ہیں اور ان کے سامنے کی کرسیاں تقریباً خالی پڑی ہیں۔
واضح ہو کہ نیتن یاہو نے جمعہ (26 ستمبر) کو اقوام متحدہ میں تقریر کی تھی، لیکن جیسے ہی وہ اسٹیج پر پہنچے ان کی سخت مخالف کی گئی۔ کئی ممالک کے نمائندوں نے نیتن یاہو کا بائیکاٹ کیا اور اقوام متحدہ کے ہال سے واک آؤٹ کیا۔ جیسے ہی انہوں نے اپنا خطاب شروع کیا ہال میں شور ہونے لگا۔ حالانکہ امریکی وفد ان کی حمایت میں بیٹھے رہے۔ نیتن یاہو نے اقوام متحدہ میں کہا کہ اسرائیل غزہ میں اپنا کام مکمل کرے گا اور اسے جلد از جلد کیا جائے گا۔ واضح ہو کہ خطاب سے قبل انہوں نے اسرائیلی فوج کو غزہ پٹی کے ارد گرد لاؤڈ اسپیکر لگانے کا حکم دیا تھا، تاکہ ان کی تقریر فلسطینیوں تک پہنچ سکے۔
’ایکسیوس‘ کی رپورٹ کے مطابق عرب اور مسلم ممالک کے زیادہ تر نمائندے نیتن یاہو کی تقریر کے دوران ہال چھوڑ کر چلے گئے تھے۔ ساتھ ہی کئی افریقی اور یورپی ممالک کے نمائندے بھی ان کے ساتھ واک آؤٹ کر گئے۔ یہ واک آؤٹ ایسے وقت میں ہوا جب اسرائیل بین الاقوامی سطح پر تیز رفتاری کے ساتھ الگ تھلگ ہوتا جا رہا ہے اور اس کے صرف چند اتحادی ہی بچے ہیں، جن میں نمایاں طور پر امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ جوہری معاہدے کو لے کر ایران اپنے قدم آگے بڑھانا چاہتا ہے، لیکن اسرائیل اس کے خلاف آواز اٹھاتا رہا ہے۔ اس تعلق سے ایران کے صدر مسعود پیزشکیان نے جمعرات (25 ستمبر) کو ’فاکس نیوز‘ کو دیے انٹرویو میں کہا تھا کہ ’’ایران کو اس بات کی ضمانت چاہیے کہ اسرائیل اس کی جوہری تنصیبات پر حملہ نہیں کرے گا؟ جب تک ایسی ضمانتیں نہیں مل جاتیں، ایران اپنی یورینیم افزودگی کی سطح کو کم کرنے پر غور نہیں کرے گا۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔