دنیا میں کورونا: اسپین میں 4 لاکھ سے زیادہ مریض، امریکہ میں 1.77 لاکھ اموات

امریکہ کی نیو یارک، نیو جرسی اور کیلیفورنیا کی ریاستیں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہیں۔ صرف نیو یارک میں ہی 32887 افراد کی کورونا وائرس سے موت ہوچکی ہے۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

میڈرڈ: اسپین کی وزارت صحت نے منگل کے روز کہا کہ گزشتہ سات دنوں کے دوران ملک میں کورونا وائرس (کووڈ- 19) کے 40427 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، جس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 405436 ہوگئی ہے۔ اس سے قبل 21 اگست کو جاری سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اسپین میں مجموعی طور پر کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 386054 تھی۔

اسپین کے 17 خود مختار علاقوں میں دارالحکومت میڈرڈ سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔ کاتالونیہ اور باسکیو نامی علاقوں کے حالات بہت خراب ہیں۔ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو کنٹرول کرنے کے لئے میڈرڈ کی مقامی حکومت نے پیر کے روز لوگوں کو غیر ضروری معاشرتی پروگراموں کے انعقاد سے باز رہنے کا مشورہ دیا ہے۔ کاتالونیہ میں 10 یا اس سے زیادہ لوگوں کے اکٹھا ہونے پر پابندی لگادی گئی ہے۔


ہسپانوی وزارت صحت کے سنٹر برائے ایمرجنسی کوآرڈینیٹرز کے ڈائرکٹر فرنانڈو سمون نے بتایا کہ کووڈ- 19 سے گزشتہ ہفتے کے دوران اسپین میں 96 افراد کی موت ہوچکی ہے۔ کورونا کے 5484 مریض اسپتالوں میں داخل ہیں، جن میں سے 658 کا علاج آئی سی یو میں کیا جارہا ہے۔ جان ہاپکنز یونیورسٹی کے سائنس اور انجینئرنگ سنٹر (سی ایس ایس ای) کے جاری کردہ تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق ا سپین میں اب تک 28872 افراد وبائی امراض کی وجہ سے ہلاک ہوچکے ہیں۔

امریکہ میں کووڈ۔19 سے اب تک 1.77 لاکھ ہلاکتیں

واشنگٹن: جان لیوا اور خوفناک عالمی وبا کورونا وائرس (کووڈ-19) سے شدید طور سے دوچار امریکہ میں 1.77 لاکھ سے زیادہ افراد کی موت ہوچکی ہے۔ امریکہ میں اس وبا نے شدید شکل اختیار کرلی ہے اور اب تک 57 لاکھ 70 ہزار سے زیادہ افراد اس جان لیوا وبا کی زد میں آچکے ہیں۔


جان ہاپکنز یونیورسٹی کے سینٹر برائے سائنس اینڈ انجینئرنگ (سی ایس ایس ای) کے جاری کردہ تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق امریکہ میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 177229 ہوگئی ہے، جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد 57 لاکھ سے تجاوز کرکے 5738056 ہوگئی ہے۔

امریکہ کی نیو یارک، نیو جرسی اور کیلیفورنیا کی ریاستیں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہیں۔ صرف نیو یارک میں ہی 32887 افراد کی کورونا وائرس سے موت ہوچکی ہے۔ نیو جرسی میں اب تک 15946 افراد وبا کی بھینٹ چڑھ چکے ہیں۔ کیلیفورنیا میں 12 ہزار سے زیادہ افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ ٹیکساس میں اب تک 11739 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں جبکہ فلوریڈا میں کووڈ۔19 نے 10397 لوگوں نے جانیں گنوا دی ہیں۔ اس کے علاوہ میساچوسیٹس میں تقریباً نو ہزار، ایلی نوائے میں آٹھ ہزار اور پنسلوینیا میں سات ہزار سے زیادہ افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔