ایلون مسک کا دماغ خراب ہو گیا ہے، میں ان سے بات نہیں کرنا چاہتا: ڈونا لڈ ٹرمپ
ڈونالڈ ٹرمپ اور ایلون مسک اب کھل کر آمنے سامنے آگئے ہیں۔ ٹرمپ نے کہا کہ مسک ان سے بات کرنا چاہتے ہیں لیکن وہ بات چیت کے لیے تیار نہیں ہیں۔

امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ اور ٹیسلا کے سربراہ ایلون مسک کے درمیان تنازع بڑھنے کے بعد لفظوں کی جنگ بھی تیز ہوگئی ہے۔ جہاں دونوں امریکی صدارتی انتخابات کے دوران ایک دوسرے کی خوب تعریفیں کر رہے تھے، اب دونوں کھل کر آمنے سامنے آ گئے ہیں۔ ٹرمپ نے 6 جون کو کہا کہ ایلون مسک ان سے بات کرنا چاہتے ہیں لیکن وہ بات چیت کے لیے تیار نہیں ہیں۔
اے بی سی نیوز چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے ٹرمپ نے ایلون مسک کے بارے میں کہا کہ وہ اپنا دماغ کھو چکے ہیں۔ اس سے قبل خبریں آئی تھیں کہ وائٹ ہاؤس حکام نے تنازع ختم کرنے کے لیے ٹرمپ اور ایلون مسک کے درمیان 6 جون کو ملاقات طے کی ہے۔ جب ٹرمپ سے اس ملاقات کے شیڈول کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے ایلون مسک سے ملنے سے انکار کر دیا۔
ٹرمپ نے 6 جون کو دعویٰ کیا کہ انہوں نے ایلون مسک کی بہت مدد کی لیکن اب وہ مسک سے بہت مایوس ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ مسک ای وی یعنی الیکٹرک گاڑیو ں پر ٹیکس مراعات کو ہٹانے سے ناراض ہیں۔ اس پر مسک نے دعویٰ کیا کہ مجھے اس بل کے بارے میں ایک بار بھی نہیں بتایا گیا اور یہ آدھی رات کو پاس ہو گیا۔ مسک نے یہاں تک کہا کہ ٹرمپ میری وجہ سے الیکشن جیتے ہیں۔ اگر میں وہاں نہ ہوتا تو ٹرمپ کی شکست یقینی تھی۔ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا کہ جب میں نے الیکٹرک گاڑیوں سے متعلق اپنا قانونی حکم واپس لیا تو مسک کو غصہ آگیا۔ ٹرمپ نے مسک کی کمپنی کو دی گئی سبسڈی ختم کرنے کی دھمکی بھی دی جس کے بعد ایلون مسک بھی کھل کر میدان میں کود پڑے۔ مسک نے خلابازوں اور دیگر اشیاء کو بین الاقوامی خلائی سٹیشن تک لے جانے کے لیے استعمال ہونے والے خلائی کیپسول کی خدمات معطل کرنے کی دھمکی دی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔