ہندوستان اور برطانیہ کے مابین متعدد معاہدوں پر دستخط

وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ مسٹر جانسن کے ساتھ ان کی گفتگو بہت معنی خیز اور کامیاب رہی

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

ہندوستان اور برطانیہ نے اپنے دوطرفہ تعلقات کو اگلے دس سالوں میں جامع اسٹریٹجک شراکت کی سطح تک لے جانے کے مقصد سے آج ایک روڈ میپ کو منظوری دی ہے اور دنیا کی پانچویں اور چھٹی معیشت کے مابین وسیع تر تجارتی شراکت (ای ٹی پی) کا اعلان کیا۔

یہ اہم فیصلے وزیر اعظم نریندر مودی اور برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن کے مابین ورچوئل سربراہی اجلاس میں کئے گئے۔ اجلاس میں ہندوستان-برطانیہ گلوبل انوویشن پارٹنرشپ معاہدہ، مائیگریشن اور ٹریفک پارٹنرشپ معاہدہ، ڈیجیٹل اینڈ ٹیکنالوجی، ٹیلی مواصلات اور انفارمیشن کمیونیکیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون کے لئے مشترکہ اعلامیہ، کسٹم سے متعلق امور میں باہمی انتظامی تعاون سمیت 8 معاہدوں پر بھی دستخط ہوئے۔


مسٹر جانسن کے دورہ ہندوستان کا منصوبہ دو مرتبہ طے ہوا تھا، لیکن کووڈ کی صورتحال کی وجہ سے دونوں کو ملتوی کرنا پڑا۔ مسٹر جانسن یوم جمہوریہ کی تقریبات کے مہمان خصوصی کے طور پر پہنچنے والے تھے لیکن اس وقت برطانیہ میں کووڈ کی صورتحال سنگین ہوگئی۔ پھر اپریل میں جب ہندوستان آنے کا منصوبہ بنایا گیا تو ہندوستان کی صورتحال مزید خراب ہوگئی۔

ملاقات کے بعد مسٹر مودی نے کہا کہ مسٹر جانسن کے ساتھ ان کی گفتگو بہت معنی خیز اور کامیاب رہی۔ ہم نے 2030 تک ہندوستان اور برطانیہ کے تعلقات کو مجموعی اسٹریٹجک شراکت کی سطح تک لے جانے کے لئے ایک روڈ میپ کو منظوری دے دی ہے۔ انہوں نے کہاکہ "ہم دونوں ممالک کے مابین آزادانہ تجارت کے معاہدے کے تحت وسیع تر تجارتی شراکت داری کے آغاز کا خیرمقدم کرتے ہیں جس کا مقصد 2030 تک دوطرفہ تجارت کو دوگنا کرنا ہے۔ ہم نے صحت، ٹکنالوجی اور توانائی وغیرہ کے شعبوں میں کئی نئے اقدامات پر بھی اتفاق کیا ہے۔


وزیر اعظم نے یہ بھی کہا کہ انہوں نے کووڈ 19 کے لئے تعاون پر تبادلہ خیال کیا اور موسمیاتی تبدیلی سے متعلق پیرس کانفرنس کے اہداف کے تئيں عہد بندی کا بھی اعادہ کیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 05 May 2021, 5:40 AM