سری لنکا: پریسیڈنٹ ہاؤس سے مظاہرین کو ہٹانے کا سلسلہ شروع، فوج نے ٹینٹ اکھاڑے

جمعہ کی علی الصبح کولمبو میں پریسیڈنٹ ہاؤس کے پاس گال فیس میں حالات اس وقت کشیدہ ہو گئے جب مظاہرین کو ہٹانے کے لیے پولیس اور فوج نے وہاں موجود ٹینٹ اکھاڑ دیے۔

تصویر ویڈیو گریب
تصویر ویڈیو گریب
user

قومی آوازبیورو

سری لنکا میں سیاسی بحران ختم ہوتا نظر آ رہا ہے اور رانل وکرماسنگھے نے صدر منتخب ہونے کے بعد ہی اعلان کر دیا کہ پریسیڈنٹ ہاؤس کو قبضے میں لینے والے مظاہرین کے خلاف کارروائی ہوگی۔ اب اس سلسلے میں پیش رفت شروع ہو گئی ہے۔ سری لنکائی فوج پریسیڈنٹ ہاؤس پہنچ چکی ہے اور اسے مظاہرین سے خالی کرانے کا سلسلہ بھی شروع ہو گیا ہے۔ آج رانل وکرماسنگھے کابینہ کی حلف برداری ہونی ہے اور اس سے پہلے پریسیڈنٹ ہاؤس کا ماحول بہتر بنایا جا رہا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق جمعہ کی علی الصبح کولمبو میں پریسیڈنٹ ہاؤس کے پاس گال فیس میں حالات اس وقت کشیدہ ہو گئے جب مظاہرین کو ہٹانے کے لیے پولیس اور فوج نے مظاہرین کے ٹینٹ اکھاڑ دیے۔ فوج نے وہاں لگے بیریکیڈس بھی ہٹا دیے جس کے بعد کئی مظاہرین اور سیکورٹی فورسز کے درمیان تصادم کا نظارہ بھی دیکھنے کو ملا۔ اس دوران کئی مظاہرین کی گرفتاری بھی عمل میں آئی ہے۔ مظاہرین کا الزام ہے کہ سیکورٹی فورسز نے ان پر حملہ کیا۔


مظاہرین نے سری لنکائی فوج اور پولیس کی کارروائی کے تعلق سے سخت رد عمل ظاہر کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ رانل وکرماسنگھے مظاہرین کو تباہ کرنا چاہتے ہیں اور اس کی کوشش بھی کر رہے ہیں، لیکن ہم شکست نہیں مانیں گے۔ مظاہرین میں شامل ایک شخص کا یہ بھی کہنا ہے کہ ’’ہم اپنے ملک کو گھٹیا سیاست سے پاک کرنا چاہتے ہیں۔‘‘

واضح رہے کہ سری لنکا میں حالات انتہائی خراب ہیں۔ مہنگائی نے عوام کو بے حال کر دیا ہے اور کھانا-پانی کے لیے بھی لوگ ترس رہے ہیں۔ سبزی اور دوائیاں اتنی مہنگی ہوئی گئی ہیں کہ انھیں خریدنا غریبوں کے لیے مشکل ہو گیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ سری لنکا کی عوام نے سڑکوں پر نکل کر مظاہرہ کرنا شروع کر دیا۔ حالات ایسے پیدا ہو گئے کہ سابق صدر گوٹبایا راج پکشے کو ملک چھوڑنے کو مجبور ہونا پڑا، اور پھر نئے صدر کے انتخاب کے لیے ووٹنگ ہوئی جس میں رانل وکرماسنگھے کو فتح حاصل ہوئی۔ 225 اراکین والی سری لنکائی پارلیمنٹ میں وکرماسنگھے کے حق میں 134 ووٹ، دُلاس الہپروما کو 82 ووٹ اور انورا کمار دِسنائکے کو 3 ووٹ ملے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔