بنگلہ دیش کی وزیراعظم حسینہ نے انتخابی منشور جاری کیا

منشورمیں حکمران جماعت نے کرپشن اور دہشت گردی کے خلاف زیرو ٹالرنس کا مظاہرہ کرنے، غربت کم کرنے اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کا وعدہ کیا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>فائل تصویر آئی اے این ایس</p></div>

فائل تصویر آئی اے این ایس

user

قومی آوازبیورو

وزیر اعظم شیخ حسینہ کی حکمراں جماعت بنگلہ دیش عوامی لیگ نے بدھ کو اگلے سال (2024) کے عام انتخابات کے لیے اپنا انتخابی منشور جاری کیا۔ اس میں بنگلہ دیش کو 2041 تک ایک ترقی یافتہ، خوشحال اور اسمارٹ ملک بنانے کا عزم کیا گیا ہے۔

محترمہ حسینہ نے ایک تقریب میں کہا، "اگر ملک کے لوگ ہمیں ایک بار پھر ان کی خدمت کا موقع دیں، تو بنگلہ دیش 2031 تک ایک اعلیٰ متوسط ​​آمدنی والے ملک اور 2041 تک ایک ترقی یافتہ، خوشحال، اسمارٹ ملک کے طور پر قائم ہوجائے گا۔


محترمہ حسینہ عوامی لیگ پارٹی کی صدر بھی ہیں۔ عوامی لیگ کی صدر نے 7 جنوری کو ہونے والے 12ویں پارلیمانی انتخابات سے صرف 10 دن قبل ڈھاکہ میں ایک تقریب میں اپنی پارٹی کے انتخابی منشور کی نقاب کشائی کے بعد یہ تبصرہ کیا۔ اس بار عوامی لیگ پارٹی کے انتخابی منشور کا نعرہ ہے ’’اسمارٹ بنگلہ دیش جہاں ترقی چمکتی ہے، روزگار میں اضافہ نظر آتا ہے۔

پارٹی منشور میں حکمران جماعت نے کرپشن اور دہشت گردی کے خلاف زیرو ٹالرنس کا مظاہرہ کرنے، غربت کم کرنے، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور خدمت پر مبنی جوابدہ انتظامیہ کو یقینی بنانے کا وعدہ کیا ہے۔ حکمران جماعت کے منشور میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی، پریس کی آزادی اور شفافیت، احتساب، اچھی حکمرانی کے ساتھ ساتھ ریاستی انتظام کے تمام پہلوؤں میں مضبوط جمہوری اقدار پر زیادہ توجہ دی گئی ہے۔


اس کے علاوہ منشور میں منی لانڈرنگ سے سختی سے نمٹنے، ملک اور معاشرے کی ہر سطح پر رشوت ستانی اور بدعنوانی کے خاتمے، صحت کا عالمی نظام قائم کرنے اور ہیلتھ انشورنس متعارف کرانے کا وعدہ بھی کیا گیا ہے۔حکمران عوامی لیگ پارٹی 2009 میں بھاری اکثریت سے انتخابات میں کامیابی کے ساتھ برسراقتدار آئی اور 2014 میں پارٹی نے اپنی دوسری مدت کار اور 2018 میں تیسری بارجیتی تھی۔

7 جنوری کو ہونے والے عام انتخابات میں 300 نشستوں کے لیے 1886 امیدوار قسمت آزمانے میدان میں اترے ہیں۔ بارہویں عام انتخابات میں حصہ لینے والے کل امیدواروں میں سے 1529 عوامی لیگ پارٹی سمیت 27 جماعتوں کے امیدوار ہیں جب کہ 357 آزاد امیدواروں کے طور پر انتخابی میدان میں ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔