شہباز شریف بنے مسلم لیگ (ن ) کے نئےصدر

شہباز شریف نے کہا مجھ سمیت پارٹی کا کوئی بھی رکن نواز شریف کی جگہ لینے کا تصور نہیں کرسکتا، وہ کل بھی ہمارے قائد تھے، آج بھی ہیں اور کل بھی رہیں گے۔

یو این آئی
یو این آئی
user

یو این آئی

اسلام آبا د: پاکستان کی حکمران پارٹی پاکستان مسلم ليگ- نواز (پی ایم ایل-این) نے پنجاب کے وزیر اعلی شہباز شریف کو اپنا صدر منتخب کیا ہے۔

پارٹی صدر کے عہدے کے لیے آج صبح 9 بجے سے 11 بجے تک کاغذات نامزدگی وصول کرنے کا وقت مقرر تھا تاہم شہباز شریف کے علاوہ کسی دوسرے ممبر نے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کرائی۔

شہبازشریف کے کاغذات نامزدگی پر چاروں صوبوں کے تائید و تجویز کنندگان کے دستخط موجود تھے، بعد ازاں جنرل کونسل اجلاس میں باضابطہ طور پر ان کے صدر بننے کا اعلان کردیا گیا۔

اس موقع پرمسلم لیگ (ن) جنرل کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ میرے لیے یہ اہم اور مشکل لمحہ ہے کہ مجھے مسلم لیگ (ن) کا صدر منتخب کیا گیا ہے کیونکہ مجھے ایک ایسے منصب پر کام کرنے کے لیے کہا جارہا ہے، جس سے 30 برس تک میں نے رہنمائی حاصل کی۔

انہوں نے کہا کہ مجھ سمیت پارٹی کا کوئی بھی رکن نواز شریف کی جگہ لینے کا تصور نہیں کرسکتا، وہ کل بھی ہمارے قائد تھے، آج بھی ہیں اور کل بھی رہیں گے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ میں دیانت داری سے سمجھتا ہوں کہ یہ پاکستان کے عوام کے لیے خوشخبری ہے کہ انہیں نواز شریف جیسا قائد نصیب ہوا اور یہ وہی واحد رہنما ہیں جنہیں قائد اعظم کا وارث قرار دیا جاسکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایٹمی دھماکوں کے ذریعے ملکی دفاع کو نا قابل تسخیر بنانے کے لیے نواز شریف نے لاکھوں امریکی ڈالر کی آفر کو ٹھکرا دیا تھا اور ملک کو ایٹمی طاقت بنایا تھا۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی اور لوڈشیڈنگ کا خاتمہ وہ اقدام ہے جو بانیان پاکستان کے بعد نواز شریف کو ملک کا مدبر رہنما تسلیم کرنے کے لیے مجبور کردے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔