امریکہ کے ٹینیسی میں فوجی پلانٹ میں دھماکہ، 16 افراد ہلاک ہونے کا خدشہ
ریلیز کے مطابق بڑی مقدار میں ملبے اور ممکنہ دھماکہ خیز مواد کی وجہ سے امدادی کارروائی آہستہ اور منظم طریقے سے جاری ہے۔ فی الحال دھماکے کا سبب پتہ نہیں چل سکا ہے، تفتیش جاری ہے۔

امریکہ کے ٹینیسی میں ایک فوجی پلانٹ میں ہوئے دھماکے کے سبب 16 افراد کے ہلاک ہونے کا خدشہ ہے، مقامی افسران نے ہفتے کے روز یہ اطلاع دی ہے۔ٹینیسی ایمرجنسی مینجمنٹ ایجنسی (ٹی ای ایم ای) نے ایک پریس ریلیز میں بتایا کہ یہ دھماکہ فوجی دھماکہ خیز مواد بنانے والی کمپنی ’ایکوریٹ انرجیٹک سسٹمز ایل ایل سی‘ میں مقامی وقت کے مطابق صبح تقریباً 7:45 بجے، نیش وِل، ٹینیسی کے جنوب مغرب میں ہوا۔ فی الحال دھماکے کا سبب پتہ نہیں چل سکا ہے، تفتیش جاری ہے۔
ریلیز کے مطابق بڑی مقدار میں ملبے اور ممکنہ دھماکہ خیز مواد کی وجہ سے امدادی کارروائی آہستہ اور منظم طریقے سے جاری ہے۔ ایجنسی نے کہا کہ غیر مستحکم یا خطرناک مواد کو محفوظ طریقے سے ٹھکانے لگانے کے لیے وقتاً فوقتاً کنٹرولڈ دھماکے کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ دھماکے کے نتیجے میں عوامی صحت یا سلامتی کو خطرہ نہیں ہے۔ تاہم عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اس علاقے میں جانے سے گریز کریں۔ ایکوریٹ انرجیٹک سسٹم نے اس واقعے سے متاثرہ کنبے کی مدد کے لیے ایک امدادی مرکز قائم کیا ہے، جو معلومات، جذباتی مدد اور دیگر وسائل فراہم کر رہا ہے۔
ایجنسی نے کہا کہ وہ مقامی ایمرجنسی مینجمنٹ آپریشنز میں مدد کے لیے واٹر پیلیٹ، مواصلاتی آلات اور عملہ سمیت لاجسٹک معاونت فراہم کرتی رہے گی۔ ریاستی ایمرجنسی آپریشنز سینٹر ہم آہنگی سے امداد فراہم کرنے کے لیے مکمل طور پر فعال ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔