پہلے 36 گھنٹے تک سروس ٹھپ رہی، اب ہیکرز کا خطرہ، مائیکروسافٹ نے جاری کی وارننگ!
مائیکروسافٹ نے بتایا کہ ہیکرز سروس آؤٹیج کا فائدہ اٹھا کر لوگوں کے لیپ ٹاپ اور اسمارٹ فونز میں نقب لگانا چاہتے ہیں۔ صارفین کے لاگ ان اور پاس ورڈ سے متعلق تفصیلات حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

مائیکروسافٹ کو ایک بڑے سروس آؤٹیج کا سامنا کرنا پڑا ہے، جس کی وجہ سے مائیکروسافٹ کی کئی سروسز 36 گھنٹوں تک بند رہی تھیں۔ اس دوران مائیکروسافٹ کے صارفین آؤٹ لک، ٹیمز اور کئی آفس ایپس کا استعمال نہیں کر پا رہے تھے۔ اب مائیکروسافٹ نے ایک اہم اطلاع شیئر کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ہیکرز سروس آؤٹیج کا فائدہ اٹھا کر لوگوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اس کے ذریعے وہ صارفین کے لاگ ان پاس ورڈ چرانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اس میں بینک کھاتوں سے متعلق معلومات بھی شامل ہو سکتی ہیں۔
مائیکروسافٹ نے سائبر ہیکرز کی ایک نئی مہم کے حوالے سے معلومات شیئر کی ہیں۔ اس میں بتایا گیا ہے کہ ہیکرز مائیکروسافٹ کی سروسز بند ہونے کا فائدہ اٹھا کر لوگوں کو خطرناک لنکس والے پیغامات بھیج رہے ہیں اور انہیں کلک کرنے کے لیے کہہ رہے ہیں۔ مائیکروسافٹ تھریٹ انٹیلی جنس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ شیئر کی ہے اور سائبر ٹھگوں کی اس چال کے بارے میں بتایا ہے۔ ہیکرز مائیکروسافٹ کی سروس نوٹیفکیشنز کی نقل کر رہے ہیں۔ ہیکرز معصوم صارفین کو یہ بتا رہے ہیں کہ سروس آؤٹیج کے دوران روکی گئی ای میلز جلد ہی ڈیلیٹ ہو سکتی ہیں۔ جبکہ کمپنی نے واضح کیا ہے کہ یہ پیغامات مائیکروسافٹ کی جانب سے نہیں بھیجے گئے ہیں۔
مائیکروسافٹ نے بتایا ہے کہ ہیکرز سروس آؤٹیج کا فائدہ اٹھا کر لوگوں کے لیپ ٹاپ اور اسمارٹ فونز میں نقب لگانا چاہتے ہیں۔ اس کے ذریعے صارفین کے لاگ ان اور پاس ورڈ سے متعلق تفصیلات حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ مائیکروسافٹ نے بتایا ہے کہ کچھ صارفین کو جعلی ای میلز موصول ہو رہی ہیں، جس میں کہا جا رہا ہے کہ سروس آؤٹیج کی وجہ سے کچھ پیغامات روک دیے گئے تھے اور اگر صارفین ان پیغامات کو دوبارہ حاصل کرنا چاہتے ہیں، تو دیے گئے لنک پر کلک کریں، ورنہ 24 گھنٹے کے اندر ای میلز اور پیغامات ڈیلیٹ کر دیے جائیں گے۔
ایسی صورت میں صارفین جلدبازی کرتے ہیں اور ہیکرز کا شکار ہو جاتے ہیں۔ ہیکرز چاہتے ہیں کہ لوگ نوٹیفکیشن کی جانچ کیے بغیر ہی اس میں دیے گئے لنک پر کلک کر دیں۔ اگر آپ کو بھی ایسا کوئی پیغام موصول ہوتا ہے تو اس سے محتاط رہیں۔ مائیکروسافٹ نے اس فشنگ مہم سے منسلک بھیجنے والے ڈومینز کی شناخت کی ہے۔ ان میں مومنٹس نوٹس ڈاٹ کام، پلانیٹ میزن ڈاٹ کام اور نیو بُکر ڈاٹ کام کے نام شامل ہیں۔ مائیکروسافٹ نے اپنے صارفین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ فرضی ای میل یا پیغام میں دیے گئے لنک پر کلک نہ کریں۔ کسی بھی نامعلوم لنک پر کلک کرنے سے گریز کرنا چاہیے، کیونکہ یہ سائبر ٹھگوں کی چال ہو سکتی ہے اور اس کی وجہ سے کئی لوگوں کے فون یا لیپ ٹاپ ہیک ہو سکتے ہیں۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
