سربیا: 2 چاقو لے کر اسرائیلی سفارت خانے پر حملہ کرنے آیا تھا نابالغ، جوابی کارروائی میں ہلاک
جون 2024 میں بھی بیلگریڈ میں اسرائیلی سفارت خانے کی حفاظت پر تعینات ایک سربیائی پولیس اہلکار پر کراسبو سے حملہ ہوا تھا۔ پولیس اہلکار زخمی ہوا تھا اور جوابی کارروائی میں حملہ آور مارا گیا تھا۔

سربیا کی راجدھانی بیلگریڈ میں منگل کی رات اسرائیلی سفارت خانے پر حملے کی کوشش کی گئی۔ 2 چاقو لے کر پہنچے ایک نابالغ نے سفارت خانے کی حفاظت پر تعینات پولیس اہلکار پر حملہ کر دیا۔ پولیس نے اپنے دفاع میں کارروائی کرتے ہوئے حملہ آور کو گولی مار کر ہلاک کر دیا۔ اس حملے میں پولیس اہلکار کے چہرے پر معمولی چوٹ آئی ہے۔ ہندی نیوز پورٹل ’آج تک‘ کی رپورٹ کے مطابق سربیا کے وزیر داخلہ ایویکا ڈاچیچ نے بتایا کہ پولیس اس واقعے کی دہشت گردانہ حملے کے طور پر تحقیقات کر رہی ہے۔ حملہ آور نے پولیس اہلکار پر حملہ کرتے وقت ’اللہ اکبر‘ کے نعرے لگائے تھے۔ اس واقعہ کے بعد اہم مقامات پر پولیس کی تعیناتی بھی بڑھا دی گئی ہے۔
وزیر داخلہ کے مطابق حملہ آور کا تعلق مغربی سربیا کے شہر شاباتس سے بتایا جا رہا ہے۔ سیکورٹی ایجنسیاں پہلے سے اس پر نظر رکھ رہی تھیں۔ ڈاچیچ نے دعویٰ کیا کہ حملہ آور ’داعش‘ کا حامی تھا اور اس نے اپنے ’انسٹاگرام‘ اکاؤنٹ پر اس تنظیم کی حمایت میں سیاہ پرچم لگایا ہوا تھا۔ واقعے کے بعد پولیس نے سفارت خانے کے آس پاس کے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ جائے وقوعہ کی تصاویر میں سفارت خانے کے باہر سیکورٹی چوکی اور آس پاس تعینات مسلح پولیس اہلکار دکھائی دیے۔
قابل ذکر ہے کہ جون 2024 میں بھی بیلگریڈ میں واقع اسرائیلی سفارت خانے کی حفاظت پر تعینات ایک سربیائی پولیس اہلکار پر کراسبو سے حملہ کیا گیا تھا۔ اس حملے میں پولیس اہلکار زخمی ہو گیا تھا اور جوابی کارروائی میں حملہ آور مارا گیا تھا۔ اسرائیلی سفارت خانہ بیلگریڈ کے ایک پوش علاقے میں واقع ہے۔ اس کے قریب ہی امریکی سفارت خانہ بھی ہے۔ یہاں سیکورٹی کے لیے پولیس کی ایک خصوصی یونٹ تعینات رہتی ہے، جس کے اہلکار آٹومیٹک ہتھیاروں سے لیس ہوتے ہیں۔
