روسی رہنما ولادیمیر پوتن نے برازیل کے صدر سے بات چیت کی
کریملن کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں روسی صدر پوتن اور امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی الاسکا میں 15 اگست کو ہونے والی ملاقات کی تصدیق کر دی گئی۔

روس کے صدر ولادیمیرپوتن نے برازیل کے صدر لُوئیز اِناسِیو لولا دا سلوا سے ٹیلی فون پر بات کی۔ولادیمیر پوتن نے برازیل کے رہنما کو امریکی صدر کے خصوصی ایلچی سٹیون وٹ کوف کے ساتھ اپنی حالیہ ملاقات کے اہم نتائج سے آگاہ کیا۔ برازیل کے صدر نے یوکرین کے بحران کو حل کرنے میں مدد کرنے کی کوششوں کی حمایت کا اظہار کیا۔ واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ روسی صدر پوتن سے ملاقات 15 اگست کو الاسکا میں ہوگی۔
صدر ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر بیان جاری کر کے پوتن سے ملاقات کے متعلق آگاہ کیا۔ ہندوستان نے بھی 15 اگست کوالاسکا میں ٹرمپ ۔ پوتن کے درمیان ہونے والی میٹنگ کا خیرمقدم کیا ہے۔ وزارت خارجہ نے آج پریس کے لیے جاری ایک ریلیز میں یہ اطلاع دی۔ ریلیز میں کہا گیا ہے کہ میٹنگ کے لیے امریکہ اور روسی فیڈریشن کے درمیان طے پانے والے مفاہمت کا ہندوستان خیر مقدم کرتا ہے۔
اس اجلاس میں یوکرین میں جاری تنازع کو ختم کرنے اور امن کے امکانات کو کھولنے کا وعدہ کیا گیا ہے۔ جیسا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے کئی مواقع پر کہا ہے، ’’یہ جنگ کا دور نہیں ہے‘‘۔لہٰذا، ہندوستان آئندہ سربراہ اجلاس کی توثیق کرتا ہے اور ان کوششوں کی حمایت کے لیے تیار ہے۔
کریملن کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں روسی صدر پوتن اور امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی الاسکا میں 15 اگست کو ہونے والی ملاقات کی تصدیق کر دی گئی۔کریملن کا کہنا تھا کہ یہ بظاہر ایک چیلنجنگ عمل ہوگا لیکن ہم اس میں بھرپور توانائی کے ساتھ حصہ لیں گے۔
اس سے پہلے ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں کہا تھا کہ وہ جلد روسی صدر پوتن سے ملاقات کریں گے۔امریکی اخبار کے مطابق صدر پوتن نے امریکہ سے کہا ہے کہ مشرقی یوکرین کے بدلے وہ جنگ ختم کریں گے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔