روس کا کئی محاذوں پریوکرین کے فوجی سازوسامان تباہ کرنے کا دعویٰ

ترجمان کے مطابق روسی طیاروں اور توپ خانے نے لوہانسک اور دونیتسک کے علاقوں میں بستیوں کے قریب یوکرین کے گروہوں کو’’بے اثر‘‘کر دیا۔

<div class="paragraphs"><p>فائل تصویر آئی اے این ایس</p></div>

فائل تصویر آئی اے این ایس

user

قومی آوازبیورو

روس کی وزارت دفاع کے ترجمان ایگور کوناشینکوف نے کہا کہ روسی فوج نے متعدد محاذوں پر یوکرین کی فوج کے حملوں کو کامیابی کے ساتھ ناکام بنا دیا ہے جس کے نتیجے میں کیف کو گذشتہ 24 گھنٹے کے دوران میں افرادی قوت، فوجی سازوسامان اور گاڑیوں کی تباہی کی شکل میں بھاری نقصان اٹھانا پڑا ہے۔

کوناشینکوف نے کہا کہ گذشتہ 24 گھنٹے کے دوران میں یوکرینی فوج نے یوزنو، دونیتسک، زاپوروژی اور دونیتسک کے اطراف میں حملے کیے، جسے انھوں نے "جارحانہ کارروائیوں کی ناکام کوششیں" قرار دیا۔ یوکرین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی تاس کے مطابق انھوں نے مزید کہا کہ یوکرین نے 50 فوجی اور 11 ٹینک کھو دیے ہیں۔ان میں تین لیپرڈ ٹینک، 17 انفنٹری لڑاکا گاڑیاں، 16 بکتر بند لڑاکا گاڑیاں، چار موٹر گاڑیاں، ایک برطانوی ساختہ اسٹارمر ایئر ڈیفنس سسٹم اور ایک امریکی ساختہ ایم 777 آرٹلری گن شامل ہیں۔


روسی ٹیکٹیکل گروپوں نے فوج کی ہوا بازی اور توپ خانے کے تعاون سے خرکوف خطے اور لوہانسک میں بَخموت میں یوکرینی افواج کی افرادی قوت اور سازوسامان کو نقصان پہنچایا۔ کوناشینکوف نے کہا: "دشمن کے نقصانات میں 30 یوکرینی اہلکار، دو پک اپ ٹرک، پولینڈ کی تیار کردہ ایک خود کار توپ، ایک امریکی ساختہ ایم 109 پالادین موٹرائزڈ آرٹلری سسٹم اور ایک ڈی-20 ہووٹزر شامل ہیں‘‘۔

روسی طیاروں اور توپ خانے نے لوہانسک اور دونیتسک کے علاقوں میں بستیوں کے قریب یوکرین کے گروہوں کو’’بے اثر‘‘کر دیا۔ دفاعی ترجمان کا کہنا تھا کہ 'گذشتہ 24 گھنٹے کے دوران میں یوکرین کے 50 سے زیادہ فوجی، دو ٹینک، ایک انفنٹری لڑاکا گاڑی، تین موٹر گاڑیاں، ایک گوفزدیکا موٹرائزڈ آرٹلری سسٹم، دو ڈی-30 ہووٹزر اور ایک ڈی-20 ہووٹزر تباہ کی گئیں۔


کوناشینکوف نے یہ بھی بتایا کہ روسی افواج نے گذشتہ روز دونیتسک کے علاقے میں یوکرین کے آٹھ حملوں کو پسپا کیا اور انھیں روسی دفاعی نظام کو بائی پاس کرنے سے روک دیا۔ انھوں نے کہا کہ لڑائی کے دوران میں 310 یوکرینی اہلکار، دو ٹینک، دو انفنٹری لڑاکا گاڑیاں، دو بکتر بند لڑاکا گاڑیاں، دو موٹر گاڑیاں، تین پک اپ ٹرک، دو مسٹا بی ہووٹزر اور ایک ڈی 30 ہووٹزر کو تباہ کیا گیا ہے۔

دریں اثنا، یوکرین کی فوج نے "چار آپریشنل علاقوں" – لیمان، بَخموت، افدیفکا اور مارینکا میں شدید لڑائی کی اطلاع دی ہے۔ سرکاری خبر رساں ادارے 'یوکرانفارم' کے مطابق دونوں متحارب فریقوں کے درمیان 19 مسلح جھڑپیں ہوئی ہیں۔ کیف نے کہا کہ دن میں یوکرین کی فضائیہ نے دشمن کی افرادی قوت کے خلاف چھے حملے کیے ، جبکہ راکٹ اور توپ خانے کے یونٹوں نے دو روسی کمانڈ اور کنٹرول پوائنٹس ، فائرنگ پوزیشنوں میں دو آرٹلری یونٹوں اور ایک ریڈار اسٹیشن کو نشانہ بنایا ہے۔


یوکرینی صدر ولودی میر زیلنسکی نے ہفتے کے روز اعتراف کیا تھا کہ ان کی فوج 'جوابی اور دفاعی' کارروائیاں کر رہی ہے لیکن انھوں نے مزید تفصیل بتانے سے انکار کر دیا۔یوکرین کی فوج نے روس کے زیر قبضہ علاقوں کو واگزار کرانے کے لیے طویل عرصے سے التوا کا شکار جوابی کارروائی کا اعلان کیا تھا اور متعدد دیہات کو’آزاد‘ کرانے کا دعویٰ کیا ہے۔ (بشکریہ العربیہ ڈاٹ نیٹ)

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔