’شام میں تختہ پلٹ کے لیے امریکہ اور اسرائیل ہی ہے ذمہ دار‘، خامنہ ای کے دعویٰ پر روس نے بھی لگائی مہر
روس نے ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کے دعویٰ کو دہراتے ہوئے کہا ہے کہ شام میں اسد حکومت کے تختہ پلٹ میں امریکہ اور اسرائیل کے ملوث ہونے کا ثبوت ضرور سامنے آئے گا۔

ایران نے شام میں پیش آئے تختہ پلٹ کے واقعہ کے لیے گزشتہ دنوں امریکہ و اسرائیل کو ذمہ دار ٹھہرایا تھا۔ اب روس نے بھی کچھ ایسا ہی بیان دیا ہے اور کہا ہے کہ جلد ہی اس بات کے ثبوت سامنے آئیں گے۔ دراصل گزشتہ بدھ کو ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے اپنے ایک خطاب کے دوران کہا تھا کہ ایران کے پاس اس بات کے وافر ثبوت ہیں کہ شام میں جو کچھ بھی ہوا ہے، وہ امریکہ اور اسرائیل کی سازش کا حصہ ہے۔ روس نے بھی خامنہ ای کے اس دعویٰ کو دہرایا ہے اور کہا ہے کہ شام میں اسد حکومت کے تختہ پلٹ میں امریکہ اور اسرائیل کے ملوث ہونے کا ثبوت ضرور سامنے آئے گا۔
روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریہ شخارووا نے ایرانی سپریم لیڈر کے بیان سے جڑے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ شام میں جو کچھ ہوا، اس کی جانچ چل رہی ہے۔ اس سے متعلق جانکاری ہمارے پاس جلد ہی موجود ہوگی۔ ساتھ ہی انھوں نے کہا کہ جہاں تک اسرائیل کا سوال ہے، تو ان کی قیادت اس مسئلہ پر اپنے کردار کے بارے میں کھل کر بولتی ہے، اسے چھپاتی نہیں ہے۔ لیکن امریکہ کا دعویٰ ہے کہ اس طرح کے واقعات اس ملک میں سماجی و معاشی حالات سے عوام کے عدم اطمینان سے جڑا ہے، جبکہ اس نے قصداً شام میں اس طرح کی حالت پیدا کی ہے۔
زخارووا کا کہنا ہے کہ شام کے معاشی و سماجی حالات کو امریکہ نے کافی حد تک متاثر کیا ہے۔ امریکی انتظامیہ نے کئی سالوں سے لگاتار شام اور اس کے لوگوں پر پابندیاں عائد کی ہیں۔ یہاں تک کہ کورونا وبا کے دوران بھی اس نے پابندیوں کو کم کرنے سے انکار کر دیا تھا۔ ایسے وقت میں جب سبھی ملک اور لوگ ایک دوسرے کی مدد کے لیے ہاتھ بڑھا رہے تھے، امریکہ نے مدد کا ہاتھ شام کی طرف نہیں بڑھایا تھا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔