امریکی صدر ٹرمپ کے خطاب کے دوران اسرائیلی پارلیمنٹ میں ہنگامہ، 2 اراکین پارلیمنٹ نے فلسطین کے حق میں لگایا نعرہ
پارلیمنٹ میں ’حدش تعال پارٹی‘ کے صدر ایمن عودۃ نے ٹرمپ کے خطاب کے دوران ایک پلے کارڈ دکھایا، جس میں لکھا تھا ’فسلطین کو تسلیم کرو‘۔ پارٹی کے دیگر رکن عوفر کسیف نے بھی پلے کارڈ دکھانے کی کوشش کی تھی۔

اسرائیلی پارلیمنٹ میں امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے خطاب کے دوران 2 راکین پارلیمنٹ ایمن عودۃ اور عوفر کسیف نے زبردست ہنگامہ کیا۔ دونوں اراکین پارلیمنٹ ٹرمپ کے سامنے احتجاج ظاہر کرتے ہوئے ان کی جانب بڑھنے لگے۔ اس کے بعد سیکورٹی اہلکاروں نے دونوں اراکین کو پارلیمنٹ سے باہر کر دیا۔ اس پر ٹرمپ نے کہا کہ یہ بہتر طریقہ ہے اور خطاب جاری رکھا۔ پارلیمنٹ میں ’حدش تعال پارٹی‘ کے صدر ایمن عودۃ نے ٹرمپ کی تقریر کے دوران ایک پلے کارڈ دکھایا، جس میں لکھا تھا ’فسلطین کو تسلیم کرو‘۔ اسی پارٹی کے رکن پارلیمنٹ عوفر کسیف نے بھی پلے کارڈ دکھانے کی کوشش کی تھی۔
ڈونالڈ ٹرمپ نے اسرائیلی وزیر اعظم بنجامن نیتن یاہو کی بہادری اور حب الوطنی کی جم کر تعریف کی۔ ٹرمپ نے نیتن یاہو سے کھڑے ہونے کا اشارہ کرنے کے بعد کہا کہ ’’ایسا آدمی ہونا آسان نہیں ہے، لیکن یہی اسے بڑا بناتا ہے۔‘‘ ساتھ ہی ٹرمپ نے عرب اور مسلم ممالک کا بھی شکریہ ادا کیا، جنہوں نے یرغمالیوں کو رہا کرنے کے لیے حماس پر دباؤ ڈالا۔ انہوں نے کہا کہ یہ اسرائیل کے لیے بہت بڑی جیت ہے کہ کئی ممالک مل کر امن قائم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ یہ وقت یاد رکھا جائے گا کہ اب سب کچھ بدلنا شروع ہو گیا ہے۔ یہ اسرائیل اور مشرق وسطیٰ کے لیے سنہرہ موقع ہے۔
ڈونالڈ ٹرمپ کی تقریر سے قبل نیتن یاہو نے خطاب کے دوران کہا کہ جو فوجی مارے گئے ہیں، ان کے اہل خانہ کی تکلیف سمجھتا ہوں۔ میں جانتا ہوں کہ یہ تکلیف آپ کو زندگی بھر رہنے والی ہے۔ اسرائیلی وزیر اعظم نے کہا کہ دشمن بھی اب سمجھ گئے ہیں کہ اسرائیل کتنا طاقتور اور مضبوط ہے۔ نیتن یاہو نے اپنی تقریر کے دوران ایک فوجی ایری اسپٹج کا بھی نام لیا، جس نے جنگ میں اپنے دونوں پاؤں اور ہاتھ کھو دیے تھے۔ ٹرمپ اس فوجی کو دیکھ کر کھڑے ہوئے اور ہاتھ ہلایا۔ نیتن یاہو نے کہا کہ اسرائیل کے لوگ یہ وعدہ کرتے ہیں کہ ہم کبھی بھی دشمنوں کے سامنے کمزورنہیں پڑیں گے۔ 7 اکتوبر کا حملہ بڑی غلطی تھی، دشمنوں کو معلوم چل گیا ہے کہ اسرائیل کس قدر مضبوط اور طاقتور ہے۔ یہ طاقت ہی امن کی اصل وجہ ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔