مسجد الحرام میں فتحِ فلسطین کے لیے نم آنکھوں سے ہوئی دعا، تازہ اسرائیلی حملہ میں تقریباً 400 ہلاکتوں سے مسلم ممالک فکرمند

مسجد الحرام میں فلسطینیوں اور مسجد الاقصیٰ کی حفاظت کے لیے دعاء کی گئی۔ اس دوران امام شیخ السدیس سمیت تقریباً سبھی نمازی روتے دکھائی دیے۔ جاری ویڈیو میں کچھ لوگ تو زار و قطار روتے نظر آ رہے ہیں۔

<div class="paragraphs"><p>ویڈیو گریب</p></div>

ویڈیو گریب

user

قومی آواز بیورو

گزشتہ روز اسرائیل نے جنگ بندی کو توڑتے ہوئے غزہ پر تباہناک حملہ کر دیا تھا۔ اس حملے میں تقریباً 400 فلسطینیوں کی موت ہو گئی اور سینکڑوں دیگر زخمی بھی ہوئے۔ اس واقعہ نے مسلم ممالک کو فکر مند کر دیا ہے۔ عرب ممالک سمیت پوری دنیا میں اسرائیلی حملے کی مذمت کی جا رہی ہے۔ اسلامی ممالک کی تنظیم او آئی سی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ اسرائیل کا تازہ حملہ فلسطینیوں کے خلاف جنگی جرائم اور نسل کشی کا تسلسل ہے۔

زندگی اور موت کے درمیان شب و روز گزار رہے فلسطینیوں کا درد پوری دنیا کے مسلمان محسوس کر رہے ہیں۔ سعودی عرب میں مکہ واقع مسجد الحرام میں مسلمانوں کا یہ درد اس وقت دکھائی دیا جب اجتماعی دعا میں سبھی کی آنکھیں نم تھیں۔ فلسطین کی فتح کے لیے یہ دعا امام شیخ السدین نے کرائی جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر جاری کی گئی ہے۔ ویڈیو میں امام شیخ السدیس سمیت تقریباً سبھی نمازی کی آنکھیں نم ہیں۔ کچھ لوگ تو زار و قطار روتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔ سبھی نے فلسطینی عوام اور یروشلم واقع مسجد الاقصیٰ کی حفاظت کے لیے دعاء مانگی۔


اس درمیان او آئی سی (آرگنائزیشن آف اسلامک کوآپریشن) نے غزہ پر اسرائیلی حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ ساتھ ہی ساتھ آرگنائزیشن نے بین الاقوامی طبقہ، خصوصاً اقوام متحدہ سیکورٹی کونسل سے اپیل کی ہے کہ وہ اسرائیلی حملہ کو ختم کر کراسنگ کھولتے ہوئے غزہ کے سبھی حصوں میں انسانی امداد کی فراہمی یقینی بنائے۔ اس کے علاوہ جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اقوام متحدہ فلسطینیوں کو نقل مکانی کے لیے مجبور کرنے اور ان کی زمین پر قبضہ کرنے کی کوششوں کے خلاف کھڑے ہو کر انھیں بین الاقوامی سیکورٹی فراہم کر اپنی ذمہ داری ادا کرے۔

قابل ذکر ہے کہ 18 مارچ کو ہوئے اسرائیلی حملوں میں خواتین و بچوں سمیت 400 سے زائد فلسطینی ہلاک ہوئے ہیں۔ ان حملوں نے حماس کے ساتھ 2 ماہ طویل نازک جنگ بندی معاہدہ کو تقریباً ختم کر دیا ہے۔ اسرائیل کے اس حملے نے دنیا بھر میں مذمت کی لہر پیدا کر دی ہے۔ غور کرنے والی بات یہ ہے کہ وہائٹ ہاؤس (امریکہ) نے ایک بیان میں بتایا ہے کہ اسرائیل نے غزہ میں راتوں رات حملہ شروع کرنے سے قبل امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی حکومت سے مشورہ کیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔