شمالی کوریا نے پھر میزائل داغ دیا

میزائل داغے جانے کے بعد جاپان نے اپنے رد عمل میں کہا، ’’شمالی کوریا کو سبق سکھانے کا وقت آ چکا ہے۔‘‘

Getty Images
Getty Images
user

قومی آوازبیورو

سول: شمالی کوریا نے امریکہ اور اقوام متحدہ سمیت دنیا کے دیگرممالک کے انتباہ کو نظر انداز کرتے ہوئے ایک اور بیلسٹک میزائل داغ دیا ہے۔ یہ میزائل جاپان کے آسمان سے گزرتے ہوئے بحر الکاہل میں جا کر گرا۔ جاپان اور جنوبی کوریا نے میزائل داغے جانے کی اطلاع دی ہے۔

جاپان اور جنوبی کوریا کی حکومتوں کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا نےاپنے دارالحکومت پیانگ یانگ سے مشرق کی جانب میزائل داغا ہے۔ جنوبی کوریا کی فوج کا کہنا ہے کہ یہ میزائل 770 کلومیٹر کی بلندی پر گیا اور اس نے تقریباً 3700 کلومیٹر کا فاصلہ طے کیا۔ جنوبی کوریا اور امریکہ کا کہنا ہے کہ وہ اس میزائل کے بارے میں تفصیلات کا جائزہ لے رہے ہیں۔ گذشتہ ماہ شمالی کوریا نے جاپان کے اوپر سے ایک میزائل فائر کیا تھا جسے ٹوکیو کی جانب سے اپنے ملک کے لیے 'ایک بہت بڑا خطرہ' قرار دیا گیا تھا۔

دوسری جانب جمعہ کو جاری ہونے والے میزائل الرٹ کے بعد جنوبی کوریا کی فوج نے بحیرہ جاپان میں فوجی مشقیں کی ہیں۔ جنوبی کوریا کی خبررساں ادارے یونہاپ کے مطابق جنوبی کوریا کے صدارتی محل بلیو ہاؤس نے قومی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بھی طلب کیا ہے۔ خیال رہے کہ گذشتہ ماہ شمالی کوریا کی جانب سے داغا گیا ایک میزائل جاپان کے شمالی جزیرے ہوکائیڈو پر سے گزرتا ہوا سمندر میں جا کر گرا تھا اور اس واقعے کے بعد جاپانی عوام کو ہوشیار رہنے کی تنبیہ جاری کی گئی تھی۔ شمالی کوریا کا کہنا تھا کہ جاپان کی فضائی حدود میں میزائل داغنا بحرالکاہل میں اس کے فوجی آپریشنز کا 'پہلا قدم' تھا۔ اس بیان سے ظاہر ہوتا ہے کہ شمالی کوریا مزید میزائل داغنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ شمالی کوریا کے سرکاری میڈیا نے بحرالکاہل میں واقع امریکی جزیرے گوام پر حملے کی دھمکی کو بھی دہرایا تھا۔

اپنی خبریں ارسال کرنے کے لیے ہمارے ای میل پتہ contact@qaumiawaz.com کا استعمال کریں۔ ساتھ ہی ہمیں اپنے نیک مشوروں سے بھی نوازیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 15 Sep 2017, 10:06 AM