نوبل انعام 2025: معاشیات کے شعبہ میں جوئل موکیر، فلپ ایگیون اور پیٹر ہووٹ کو اعزاز بخشنے کا اعلان
جوئل موکیر، فلپ ایگیون اور پیٹر ہووٹ کو مشترکہ طور پر معاشیات کا نوبل انعام دیا گیا ہے۔ ان کو یہ انعام ’انوویشن ڈریون ایکونامک گروتھ‘ کے تصور کو سمجھنے کے لیے دیا گیا ہے۔

معاشیات میں نوبل انعام کا اعلان ہو گیا ہے۔ 2025 میں یہ انعام جوئل موکیر، فلپ ایگیون اور پیٹر ہووٹ کو مشترکہ طور پر دیا گیا ہے۔ یہ انعام ’انوویشن ڈریون ایکونامک گروتھ‘ کے تصور کو سمجھنے کے لیے دیا گیا ہے۔ گزشتہ سال معاشیات کا نوبل انعام ڈیرون ایسیموگلو، سائمن جانسن اور جیمس اے رابنسن کو دیا گیا تھا۔
واضح ہو کہ معاشیات کے نوبل کو بینک آف سویڈن کے انعام کے طور پر جانا جاتا ہے۔ سویڈن کے سنٹرل بینک نے اس کی شروعات 1968 میں کی تھی۔ یہ انعام رائل سویڈش اکیڈمی آف سائنسز کے ذریعہ منتخب کیا جاتا ہے۔ اب تک 96 فاتحین کو 56 بار یہ انعام دیا جا چکا ہے۔ نوبل انعام الفریڈ نوبل کی یاد میں دیا جاتا ہے، جنہوں نے ڈائنامائٹ کا ایجاد کیا تھا اور 5 نوبل انعام کی شروعات کی تھی۔ معاشیات میں نوبل انعام کے ساتھ ہی طب، فزکس، کیمسٹری، اور امن کے لیے دیے گئے انعاموں کے ساتھ ہی 2025 کے تمام نوبل انعاموں کا اعلان مکمل ہو گیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والوں کو نوبل انعام دیا جاتا ہے۔ اسے سویڈش سائنسداں الفریڈ نوبل کی وصیت کے مطابق 1901 میں شروع کیا گیا تھا۔ الفریڈ نوبل نے اپنی دولت کا استعمال ان انعاموں کو قائم کرنے کے لیے کیا، جو ان کو ڈائنامیٹ کی ایجاد سے حاصل ہوا تھا۔ یہ انعام ان لوگوں کو اعزاز بخشتا ہے، جنہوں نے انسانیت کے لیے نمایاں کارنامہ انجام دیا ہے، خواہ وہ سائنسداں کی ایجاد ہو، ادبی کام ہو یا امن قائم کرنا ہو۔ فزکس، کمسٹری، میڈیسن یا فزیالوجی، لٹریچر، پیس اور اکنامکس میں غیر معمولی کام کرنے والے لوگوں کو یہ انعام دیا جاتا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔