جنگ بندی پر بھروسہ نہیں، اسرائیل  کے کسی بھی حملے کا جواب دینے کے لیے ہم پوری طرح تیار: ایرانی وزیر دفاع

ترکی اور ملیشیا کے اپنے ہم منصب کے ساتھ الگ الگ فون پر بات چیت میں ایرانی وزیر دفاع ناصر زادہ نے واضح کیا کہ ایران لڑائی کو بڑھانا نہیں چاہتا لیکن وہ اپنی چوکسی میں کوئی کمی نہیں کر رہا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>علی خامنہ ای/نیتن یاہو (فائل)</p></div>

علی خامنہ ای/نیتن یاہو (فائل)

user

قومی آواز بیورو

ایران کے وزیر دفاع بریگیڈیئر جنرل عزیز ناصر زادہ نے اسرائیل کے ساتھ جنگ بندی پر شبہ ظاہر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران اس جنگ بندی پر بھروسہ نہیں کرتا ہے اور وہ کسی بھی ممکنہ حملے کے لیے پوری طرح سے تیار ہے۔ ترکی اور ملیشیا کے اپنے ہم منصب کے ساتھ الگ الگ فون پر بات چیت میں ناصر زادہ نے واضح کیا کہ ایران لڑائی کو بڑھانا نہیں چاہتا لیکن وہ اپنی چوکسی میں کوئی کمی نہیں کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا، ’’اسلامی جمہوریہ علاقے میں جنگ اور عدم تحفظ پھیلانے کی خواہش نہیں رکھتا، لیکن یہ کسی بھی حملے کا فیصلہ کن اور کچلنے والا جواب دینے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔‘‘


ترکی کے وزیر دفاع سے بات چیت کے دوران ناصر زادہ نے زور دے کر کہا کہ تہران جنگ بندی کی مدت کو لے کر چوکس ہے۔ انہوں نے انتباہ کیا کہ ایران جنگ بندی پر بھروسہ نہیں کرتا، اس لیے ہم نے کسی بھی نئے حملے پر جوابی کارروائی کے لیے مختلف ممکنہ منظر ناموں کی منصوبہ بندی کی ہے۔

ایران کے وزیر دفاع کا یہ بیان ان واقعات کے درمیان آیا ہے جب اسرائیل اور مزاحمتی گروپوں کے درمیان سرحد پار لڑائی کے بعد کشیدگی ہے۔

وہیں ترکی کے وزیر دفاع یاصر گیلر نے جنگ بندی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا، ’’ہم مانتے ہیں کہ جوہری مذاکرات ایک ایسے معاہدے کے ساتھ ختم ہونی چاہیے جو ایران اور پورے خطے کے مفاد میں ہو۔‘‘


اس دوران ایران کے وزیر دفاع ناصر زادہ نے ملیشیا کے وزیر دفاع محمد خالد کے ساتھ بات چیت میں امریکی اور اسرائیلی حکومت کے ذریعہ مسلط کی گئی جنگ کے دوران ملیشیائی حکومت کے ایران کے تئیں مثبت رویے پر شکریہ ادا کیا۔

ملیشیائی وزیر دفاع نے کہا کہ ایران ملیشیا کے لیے ایک دوست اور قابل اعتماد ملک ہے۔ انہوں نے آگے کہا کہ ہم جنگ کے لیے اسرائیل کو قصوروار مانتے ہیں، اس لیے ہم نے شروع سے ہی اس حملے کی سخت مذمت کی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔