نیوزی لینڈ: 3 ماہ کے بعد کورونا وائرس کے سبب پہلی موت

نیوزی لینڈ میں 102 دنوں کے بعد کورونا وائرس کی عالمی وبا کے سبب ایک 50 سالہ شخص کی جان گئی ہے، ملک بھر میں کورونا سے ہونے والی اموات کی تعداد اب 23 ہو گئی ہے

نیوزی لینڈ، کورونا وائرس / Getty Images
نیوزی لینڈ، کورونا وائرس / Getty Images
user

قومی آوازبیورو

آکلینڈ: نیوزی لینڈ میں تین ماہ سے زیادہ عرصے کے بعد ایک بار پھر کورونا وائرس نے اس وقت دستک دی جب اس عالمی وبا کے سبب آکلینڈ شہر میں ایک شخص کی موت ہو گئی۔ جمعہ کے روز وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ "فوت ہونے والے شخص کی عمر 50 برس ہے۔ اگست میں کورونا سے متاثر ہونے والا یہ شہری آکلینڈ کے میڈلمور ہسپتال میں زیر علاج تھا"۔

طبی حکام کا کہنا ہے کہ فوت ہونے والا شخص ملک کے 102 دنوں تک کمیونٹی ٹرانسمِشن سے پاک رہنے کے بعد، آکلینڈ شہر میں اگست کے مہینے میں محسوس کی جانے والی اس وبا کی دوسری لہر کی زد میں آیا تھا۔ نیوزی لینڈ میں اس سے پہلے 24 مئی کو کورونا کے سبب کسی کی موت واقع ہوئی تھی۔


اس طرح نیوزی لینڈ میں اس وبائی مرض سے متاثر ہو کر موت کا شکار ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد 23 ہو گئی ہے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل آخری موت 24 مئی کو رپورت ہوئی تھی۔ آکلینڈ شہر میں اب تک کورونا وائرس کے کُل 152 مصدقہ کیس سامنے آ چکے ہیں۔ واضح رہے کہ آکلینڈ میں کورونا وائرس کے سبب نافذ العمل لاک ڈاؤن گذشتہ اتوار کی شام ختم کیا گیا تھا۔

محکمہ صحت کے سربراہ ایشلے بلوم فیلڈ نے کورونا سے ہونے موت کے بعد اپنے بیان میں کہا، ’’میں نیوزی لینڈ کے باشندگان اور متاثرہ خاندان کی اس بے چینی کو سمجھ سکتا جو وہ اس خبر کے بعد محسوس کر رہے ہیں۔ غم کے ان لمحات میں میری تعزیت لوگوں اور متاثر خاندان کے ساتھ ہیں۔‘‘

جمعہ کے روز فوت ہونے والا شخص نیوزی لینڈ میں کووڈ 19 میں مرنے والا سب سے کم عمر مانا جا رہا ہے۔ تاہم، صحت حکام نے یہ نہیں بتایا کہ آیا یہ شخص پہلے سے کسی مرض میں مبتلا تھا یا نہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */