نیوزی لینڈ انتخابات: حکمران اتحاد اکثریت سے ایک سیٹ پیچھے، وزیر اعظم لکسن کے استعفے کا مطالبہ

نیوزی لینڈ کے الیکشن کمیشن کے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق مجموعی طور پر 484865 خصوصی ووٹوں کی گنتی کی گئی، جن میں تقریباً 99118 ووٹ بیرون ملک سے ڈالے گئے تھے۔

<div class="paragraphs"><p>نیوزی لینڈ، وزیر اعظم کرسٹوفر لکسن، تصویر/آئی اے این ایس</p></div>
i

نیوزی لینڈ کے عام انتخابات کے حتمی نتائج نے ملک میں ایک نیا سیاسی منظرنامہ پیدا کر دیا ہے۔ وزیر اعظم کرسٹوفر لکسن کی قیادت والا برسراقتدار مرکز-دائیں بازو کا اتحاد پارلیمنٹ میں اکثریت حاصل کرنے سے محض ایک نشست پیچھے رہ گیا ہے۔ اس دوران ان کے اتحاد میں شامل اے سی ٹی پارٹی کے لیڈر رچرڈ پریبل نے لکسن سے اپنا عہدہ اور پارلیمانی رکنیت چھوڑنے کا مطالبہ کیا ہے۔ پارٹی کی قیادت کرس بشپ، ایریکا اسٹینفورڈ اور مارک مچل میں سے کسی ایک کو سونپنے کی بات بھی شروع ہوگئی ہے۔ لکسن کو اقتدار میں برقرار رہنے کے لیے 7 سیٹیں جیتنے والی سینٹرسٹ پارٹی اپارچونٹی کی حمایت حاصل کرنی ہوگی۔ موجودہ اتحاد میں شامل جماعتوں کے چیف آف اسٹاف کی اس ہفتے کے اختتام پر بات چیت متوقع ہے۔ وہیں خصوصی ووٹوں کے نتائج کا اعلان ہونے کے بعد نیوزی لینڈ فرسٹ پارٹی کے لیڈر ونسٹن پیٹرز نے ابھی تک میڈیا سے خطاب نہیں کیا ہے۔ پارٹی نے اپنے حامیوں کو بھیجے گئے پیغام میں اشارہ دیا ہے کہ حتمی بات چیت کے لیے طویل انتظار کرنا پڑ سکتا ہے۔

حکومت سازی کے عمل میں خصوصی ووٹوں کا کردار اہم ہوگیا ہے۔ نیوزی لینڈ کے الیکشن کمیشن کے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق مجموعی طور پر 484865 خصوصی ووٹوں کی گنتی کی گئی، جن میں تقریباً 99118 ووٹ بیرون ملک سے ڈالے گئے تھے۔ ابتدائی اندازے میں خصوصی ووٹوں کی تعداد تقریباً 4 لاکھ بتائی گئی تھی۔ ان ووٹوں کی گنتی کے بعد نیشنل پارٹی کی قیادت والے اتحاد کی پوزیشن بدل گئی اور وہ اکثریت حاصل نہیں کر سکا۔ حتمی نتائج کے مطابق لکسن کی نیشنل پارٹی، اے سی ٹی اور نیوزی لینڈ فرسٹ کے اتحاد کو مجموعی طور پر 65 نشستیں حاصل ہوئی ہیں، جبکہ 130 رکنی پارلیمنٹ میں اکثریت کے لیے 66 نشستوں کی ضرورت ہے۔ 7 نشستیں جیتنے والی ’اپارچونٹی پارٹی‘ کی لیڈر کیولائے وونگ اب حکومت سازی کے لیے ہونے والی بات چیت میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔


دوسری جانب اتحاد کی تشکیل کے لیے جاری مذاکرات کے درمیان نیوزی لینڈ فرسٹ کے لیڈر ونسٹن پیٹرز کی خاموشی بھی موضوع بحث بنی ہوئی ہے۔ نیوزی لینڈ فرسٹ نے اپنے حامیوں کو بھیجے گئے پیغام میں کہا ہے کہ اگلے 3 مہینے اہم ہیں۔ پارٹی کے اس پیغام کو مذاکراتی عمل طویل ہونے کے اشارے کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ دوسری جانب نیشنل، اے سی ٹی، نیوزی لینڈ فرسٹ اور اپارچونٹی پارٹی کے درمیان باضابطہ بات چیت شروع کرنے کی تیاریاں جاری ہیں۔ اس سیاسی غیر یقینی صورتحال کے درمیان سابق لیبر وزیر رچرڈ پریبل نے لکسن کی قیادت پر سوال اٹھاتے ہوئے ان سے استعفے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کرس بشپ، ایریکا اسٹینفورڈ اور مارک مچل کو ممکنہ دعویدار قرار دیا ہے۔ پریبل نے یہ تجویز بھی دی کہ بوٹنی سیٹ پر ضمنی انتخاب کے ذریعے بشپ کو دوبارہ پارلیمنٹ میں لایا جا سکتا ہے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔